میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حکمران جماعتوں نے کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا،ایم کیوایم واش آئوٹ ہوچکی ،سراج الحق

حکمران جماعتوں نے کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا،ایم کیوایم واش آئوٹ ہوچکی ،سراج الحق

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۵ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

امیر جماعت اسلامی پاکستان سر اج الحق نے کنٹونمنٹ بورڈ میں جماعت اسلامی کی انتخابی پیش رفت کے حوالے سے ادارہ نورحق میں منعقدہ اجتماع کارکنان سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارک باد دیتا ہوں اللہ تعالیٰ ان کو مزید صلاحیت اور ہمت سے نوازے،راولپنڈی ،نوشہرہ اورمردان میں بھی جماعت اسلامی کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے، عوام نے جماعت اسلامی کے امیدواران پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر ضرور پورا اتریں گے۔اجتماع کارکنان سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امراء کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، الیکشن سیل کے انچارج راجہ عارف سلطان ،ڈپٹی سیکریٹری عبد الواحد شیخ اور سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان نے بھی خطاب کیا اور انتخابی جائزہ پیش کیا ۔ اجتماع میں شہر بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اجتماع میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں منتخب ہونے والے جماعت اسلامی کے نمائندے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن وارڈ 7 سے زکر محنتی،کنٹونمنٹ بورڈ ملیر وارڈ 9 سے احمد یاسر،کنٹونمنٹ بورڈ ملیر وارڈ 1سے کرنل (ر)ملک محمد رضا،کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن وارڈ 5سے محمد ریحان اقبال،کنٹونمنٹ بورڈ فیصل وارڈ 2 سے ابن الحسن ہاشمی نے بھی شرکت کی جن کا بھر پور استقبال کیا گیا اور ہار پہنائے گئے ۔سراج الحق نے کہا کہ کراچی پاکستان کی نظریاتی اور اقتصادی شہ رگ ہے اسے ایک سازش اور منصوبہ بندی کے تحت تباہ کیا گیا اور خون میں نہلایا گیا ۔جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام اور کراچی کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے قومی اسمبلی اور سینٹ میں اور چوک اور چوراہوں پر کراچی کے حقوق کی جنگ لڑی ہے،کراچی ضرور دوبارہ جگمگائے گا اور ترقی و خوشحالی اس کا مقدر ہوگی کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔بلدیاتی انتخابات میں بھی اہل کراچی جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کریں گے ۔ پی ٹی آئی ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی سے عوام مایوس ہو رہے ہیں کیونکہ تینوں حکمران پارٹیوں نے کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا ۔تمام حکمران جماعتیں عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں ، بالخصوص ایم کیو ایم واش آئوٹ ہو گئی ہے ، کراچی میں جماعت اسلامی ہی واحد متبادل جماعت ہے ، جماعت اسلامی عوام کے اعتماد پر ماضی کی طرح آئندہ بھی پورا اُترے گی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرے اور کراچی کے گھمبیر اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے با اختیار شہری حکومت کا قیام یقینی بنائے جس کے لیے موجودہ بلدیاتی ایکٹ بھی ختم کیا جائے ، کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے ، مردم شماری دوبارہ کرائی جائے ،این ایف سی کے مطابق اضلاع کو بھی پی ایف سی ایوارڈ دیا جائے ،حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں کنٹونمنٹ بورڈ کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ترازو پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب بنایا حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک تیزی سے جاری ہے ، جماعت اسلامی وفاقی و صوبائی حکومتوں سے تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے اور مسائل کے حل کے لیے اپنی آئینی و قانونی اور جمہوری جدو جہد جاری رکھے گی ۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے ، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ،کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں جیتنے والے جماعت اسلامی کے نمائندے بلا تفریق رنگ و نسل عوام کی خدمت کریں گے اور کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے جدوجہد کریں گے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں