سندھ میں کورونا کا وار تیز، ہر چوتھا شخص وائرس کا شکار
شیئر کریں
سندھ میں کورونا کا وار تیز ہوتا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سندھ میں ہر چوتھا شخص کورونا سے متاثر ہو گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے ٹیسٹوں کے نتائج 25 فیصد مثبت آئے ہیں جس کے بعد حالات سنجیدگی کی طرف جاتے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے کورونا کی شدت میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ مراد علی شاہ کی جانب سے اعدادوشمار بتائے گئے ہیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار745نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 700 کے قریب پہنچ گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید بتایا ہے کہ سندھ میں اس وقت 466 مریض تشویشناک حالت میں ہیں جبکہ 71 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 17 افراد کورونا کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔اس کے علاوہ کراچی کے حالات کے حوالے سے پریشان کن صورتحال سامنے آ رہی ہے، صرف کراچی میں ہی کورونا متاثریں کی تعداد ساڑھے 32ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اگر سندھ میں کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ابھی تک 41 ہزار سے زیادہ افراد میں کورونا کی تصدیق ہو گئی ہے۔