ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان ،مریم نواز اپنی گفتگو پر معافی مانگیں، فواد چودھری
شیئر کریں
سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے صاف الفاظ میں کہا کہ فوج کو سیاست میں ملوث نہ کیا جائے، مریم نواز اپنی گفتگو پر معافی مانگیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دو دو بیانات سامنے آئے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے بعد شہباز شریف کا بیان آیا۔سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلے بیان میں کہا کہ عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے، دوسرا بیان دیا کہ مریم نواز کی تقریروں کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کبھی کسی ادارے پر تنقید نہیں کی، عمران خان نے ہمیشہ کہا ہے فوج کا ادارہ کمزور ہوگا تو پاکستان کمزور ہوگا، عمران خان نے جس طرح اداروں کو محفوظ رکھنے کی کوشش کی اس کی مثال نہیں۔سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک مخصوص طبقے کو اداروں کے خلاف کھیلنے کا موقع دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی کیس میں شہباز شریف کے خلاف تحقیقات کرنیوالے ڈاکٹر رضوان کے انتقال پر افسوس ہوا، وہ بہت دلیر افسر تھے جنہوں نے کیس کی بہترین تحقیقات کیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے زرداری اور زرداری نے نواز شریف پر کیسز بنائے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی معیشت برے حالات کا شکار ہے، عوام کا اتفاق ہیکہ عمران خان کی حکومت غیرملکی سازش سے ہٹائی گئی، حکمران طبقے کے لیے عوام میں نفرت ہے۔انہوںنے کہاکہ منحرف اراکین کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بدھ کو فیصلہ کرنا چاہیے، لیڈرز کو گرفتار کرنے سے ملک میں تقسیم بڑھیگی، ملک میں سیاسی بحران بڑھے تو انتخابات کروائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں، جھوٹے پرچے کرنے کی روایت کو زندہ نہ کیا جائے۔