میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
این اے 249،آزادامیدوارسیاسی جماعتوں کاچراغ بجھانے کیلئے میدان میں آگئے

این اے 249،آزادامیدوارسیاسی جماعتوں کاچراغ بجھانے کیلئے میدان میں آگئے

ویب ڈیسک
هفته, ۱۰ اپریل ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: شعیب مختار) این اے 249کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخابات سیاسی حلقوں میں نہایت اہمیت اختیار کر گئے 18آزاد امیدوار سیاسی جماعتوں کا چراغ بجھانے کے لیے میدان میں آ گئے سربراہ سنی تحریک احمد بلال سلیم قادری بھی آزاد امیدواروں میں شامل، تحریک لبیک سے معاملات نہ بننے پر بطور آزاد امیدوار انتخابات میں حصہ لے لیا، حلقے سے انتخابی عمل میں بطور آزاد حیثیت حصہ لینے والے امیدوار مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں جاری سیاسی رسہ کشی کا فائدہ اٹھانے کے لیے سرگرم۔ تفصیلات کے مطابق فیصل واوڈا کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر 29اپریل کو انتخابات ہونے جا رہے ہیں جس میں مصطفی کمال،مفتاح اسماعیل،قادرخان مندوخیل سمیت 18 آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں گذشتہ روزتمام تر امیدواروں کو انتخابی نشان آلاٹ کردیے گئے ہیں جبکہ حالیہ دنوں حلقے میں مختلف مذہبی جماعتیں نہایت فعال دکھائی دیتی ہیں اقتدار میں موجود سیاسی جماعتوں کی مایوس کن کارکردگی کے باعث آزاد امیدوار حلقے میں اپنی جیت انتہائی قریب سے دیکھ رہے ہیں۔اس ضمن میں انتخابی عمل میں حصہ لینے والے سربراہ سنی تحریک سلیم قادر ی کے صاحبزادے احمد بلال سلیم قادری کا روزنامہ جرأت سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حلقے کی عوام خواب غفلت سے بیدار ہو چکی ہے، بلند و بالا دعوے کرنے والوں نے ہمیشہ عوام کی آ نکھوں میں دھول جھونکی ہے، ضمنی انتخاب میں این اے 249کے مکین اب آزمائے ہوئے چہروں کو ووٹ دینے سے گریز کرینگے انشاء اللہ 30اپریل کو تالے کا سورج طلوع ہوگا۔ان کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت نے غریب طبقے کو مزید پستی کی جانب دھکیل دیا ہے، اقتدار میں آ کر نظام بدلنے کے ساتھ ساتھ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہر ممکن کوششیں کرینگے۔ واضح رہے 2018 کے عام انتخابات میں احمد بلال سلیم قادری لیاری این اے 246 کے حلقے میں تحریک لبیک پاکستان کے پلیٹ فارم سے انتخابی عمل میں کھڑے ہوئے تھے جس میں وہ 42345 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے، جبکہ پی ایس 109 میں 19913 ووٹ حاصل کر سکے تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں