ڈاکٹر علوی، عمران خان ملاقات، صدر کے آئینی اختیارات پر مشاورت
شیئر کریں
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں ملکی معاشی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کی مدت کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوائے گئے خط کے مضمرات پر بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں دونوں شخصیات نے کہا کہ مقننہ کی تحلیل کی صورت میں دستور انتخاب کیلئے 90 روز کی مہلت طے کرتا ہے، 90 روز کی آئینی مدت کے دوران انتخابات کے انعقاد میں ناکامی آئین سے صریحاًانحراف کے مترادف ہے، انحراف کی صورت میں آئین بذاتِ خود واضح ہدایات دیتا ہے، ملک کو سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے لازم ہے کہ دستور کی منشا کو لاگو کیا جائے۔عمران خان نے کہا کہ قائد اعظم آئین ساز تھے اسی لئے ہماری ریاست کی بنیاد آئین پاکستان ہے،قرارداد مقاصد واضح بتاتی ہے کہ حاکمیت صرف اللہ تعالی کی ہے،ریاست پاکستان،اس مقدس امانت کو عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں آئینی مدت سے انحراف ریاست کی بنیاد ہلا دینے کے مترادف ہے،آئین کے تحفظ کیلئے پوری قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے،90 دن کے اندر انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضہ ہے جس سے کسی بھی قسم کا انحراف آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی ہوگی۔