میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سینیٹ انتخابات ،تحریک انصاف کراچی میں بھی ٹکٹوں کی تقسیم پربغاوت

سینیٹ انتخابات ،تحریک انصاف کراچی میں بھی ٹکٹوں کی تقسیم پربغاوت

ویب ڈیسک
منگل, ۱۶ فروری ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: شعیب مختار) سینیٹ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم پر بلوچستان اور سندھ کے بعد کراچی میں بھی بغاوت پھوٹ گئی، تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کی جانب سے سندھ میں سینیٹ انتخابات کے لیے نامزد امیدواروں پر سخت تحفظات کا اظہار کر دیا گیا، پارٹی کی مرکزی قیادت نے یوٹرن لینے سے صاف انکار کر دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کراچی آ مد بھی کھلاڑیوں کو رام نہ کر سکی، پی ٹی آ ئی کا ناراض گروپ ایک مرتبہ پھر فعال ہو گیا۔ وزیر اعظم عمران خان کا رواں ہفتے دورہ کراچی متوقع ۔ذرائع کے مطابق سیف اللہ ابڑو اور فیصل واوڈا کو سندھ سے سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رکن قومی و صوبائی اسمبلی سخت ناراض ہیں ،جن میں فہیم خان،عامر لیاقت حسین،آفتاب جہانگیر،عطاء اللہ،اسلم خان،شکور شاد،جمیل خان،اکرم چیمہ و دیگر شامل ہیں۔اس ضمن میں ناراض اراکین کی جانب سے پارٹی کے نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا گیا ہے جنہیں منانے میں پارٹی کی مرکزی قیادت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ رات تنظیمی ڈھانچے کو تباہ حالی سے بچانے کے لیے پارٹی کی اہم قیادت کراچی میں سر جوڑ کر بیٹھی تھی جس میں کسی قسم کے نتائج اخد نہیں کیے جا سکے ہیں، جبکہ گزشتہ روز گورنر سندھ کی ناراض اراکین سے ملاقاتیں اور ٹیلیفونک رابطے بھی بے نتیجہ ثابت ہوئے ہیں، عرصہ دراز سے سندھ کی سیاست میں سرگرم جتوئی خاندان نے حکومتی فیصلوں کے آگے گھٹنے ٹیکنے سے صاف انکار کر دیا ہے جنہیں منانے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم رواں ہفتے عمران خان کا
دورہ کراچی بھی تصور کیا جا رہا ہے جس میں وہ ناراض اراکین کو اعتماد میں لینگے، آ ئندہ چند روز میں پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کی دوسری جماعتوں میں شمولیت کا امکان ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں