بچوں کا اقبال، نئی نسل کی کردار سازی کا روشن پیغام
شیئر کریں
علامہ اقبال برصغیر کے ایک عظیم شاعر، مفکر اور قانون دان تھے ، جنہیں ‘‘شاعرِ مشرق’’اور ‘‘حکیم الامت’’کے خطابات سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں، خصوصاً نوجوانوں اور بچوں میں ایک نئی روح پھونکی۔علامہ اقبال کو بچوں سے بہت محبت تھی۔ وہ جانتے تھے کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔ اگر بچوں کی تربیت اچھی ہوگی، تو قوم کا مستقبل بھی تابناک ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بچوں کی اخلاقی اور روحانی تربیت کے لیے ایسی لازوال نظمیں لکھیں جو آج بھی ہمارے اسکولوں کے نصاب کا حصہ ہیں۔جب برصغیر کے مسلمان غلامی کی اندھیری رات میں بھٹک رہے تھے ۔ ایسے مایوس کن حالات میں اقبال نے اپنی شاعری کی روشنی سے مسلمانوں، خصوصاً نوجوانوں اور بچوں کے دلوں میں امید اور آزادی کی ایک نئی شمع روشن کی۔
علامہ اقبال 9 ؍نومبر 1877ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے ۔ اسی مناسبت سے ہر سال 9؍نومبر کو ‘‘یومِ اقبال’’منایا جاتا ہے ۔اقبال ہمارے قومی شاعر ہیں جنہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے محبت، خلوص، ہمدردی، خود اعتمادی، محنت اور اچھے کردار کا پیغام دیا۔ ان کی شاعری صرف ادبی اظہار نہیں بلکہ نئی نسل کی ذہنی، اخلاقی اور فکری تربیت کا ایک قیمتی سرمایہ ہے ۔اُن کو فلسفۂ خودی کے عظیم علم بردار کی حیثیت سے یاد کیا جاتا ہے ، لیکن ان کی ادبی شخصیت کا ایک اہم پہلو بچوں کی تربیت اور ان کے روشن مستقبل سے بھی وابستہ ہے ۔اقبال
جانتے تھے کہ کسی قوم کا مستقبل اس کے بچوں کی تعلیم، تربیت اور کردار پر منحصر ہوتا ہے ۔ اسی لیے انہوں نے بچوں کی ذہنی سطح اور دلچسپی کو سامنے رکھتے ہوئے ایسی نظمیں تخلیق کیں جن میں سادہ واقعات، فطرت کے مناظر اور جانوروں کے کرداروں کے ذریعے زندگی کے بڑے سبق سمجھائے گئے ہیں۔ ان میں بعض نظمیں اصل تخلیقات ہیں، جب کہ بعض دوسری زبانوں کی نظموں سے ماخوذ یا ان کے منظوم تراجم ہیں۔علامہ اقبال نے بچوں کی تربیت اور اخلاقی اصلاح کے لیے بہت سی خوبصورت نظمیں لکھیں۔ ان کی کتاب ‘‘بانگِ درا’’ کا پہلا حصہ خاص طور پر بچوں کے لیے نظموں پر مشتمل ہے ۔
اقبال کی نظم ‘‘ایک مکڑا اور مکھی’’ بچوں کو خوشامد اور فریب سے بچنے کا سبق دیتی ہے ۔ نظم میں ایک بھوکا مکڑا ایک مکھی کو اپنے جال میں بلانے کے لیے اس کی خوب صورتی اور خوبیوں کی تعریف کرتا ہے ۔ مکھی اس کی چالاکی سمجھتے ہوئے دعوت قبول کرنے سے انکار کر دیتی ہے ، لیکن مکڑا اپنی میٹھی باتوں اور خوشامد سے بالآخر اسے جال میں پھنسانے میں کامیاب ہو جاتا ہے ۔ اس واقعے کے ذریعے اقبال سمجھاتے ہیں کہ ہر میٹھی بات کرنے والا مخلص نہیں ہوتا۔ بعض لوگ جھوٹی تعریف اور خوشامد کے ذریعے دوسروں کو دھوکا دیتے ہیں، اس لیے عقل و سمجھ سے کام لینا اور ہر شخص پر آنکھیں بند کرکے اعتماد نہ کرنا ضروری ہے ۔
نظم ‘‘ہمدردی’’ میں اقبال نے دوسروں کے کام آنے اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے ۔ ایک بلبل دن بھر دانہ چگنے میں مصروف رہتا ہے اور رات ہونے پر اپنے گھونسلے تک پہنچنے کا راستہ بھول جاتا ہے ۔ اس کی پریشانی دیکھ کر ایک جگنو اپنی ننھی سی روشنی سے اس کی مدد کرتا ہے اور اسے آشیانے تک پہنچنے کا راستہ دکھاتا ہے ۔ اس واقعے میں اقبال نے ہمدردی اور خدمتِ خلق کی اہمیت کو نہایت خوب صورتی سے اجاگر کیا ہے ۔
ٹہنی پہ کسی شجر کی تنہا
بلبل تھا کوئی اداس بیٹھا
۔۔
ہیں لوگ وہی جہاں میں اچھے
آتے ہیں جو کام دوسروں کے
یہ اشعار بچوں کو سکھاتے ہیں کہ دوسروں کے دکھ درد میں شریک ہونا اور ضرورت کے وقت ان کی مدد کرنا ہی انسانیت کی اصل پہچان ہے ۔ اگر معاشرے کا ہر فرد دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا جذبہ اپنالے تو محبت اور بھائی چارے کو فروغ مل سکتا ہے ۔نظم ‘‘ایک پہاڑ اور گلہری’’ میں اقبال نے غرور، خود پسندی اور دوسروں کو حقیر سمجھنے کے رویے کی اصلاح کی ہے ۔ پہاڑ اپنی جسامت اور بلندی پر فخر کرتے ہوئے گلہری کو کمتر سمجھتا ہے ، لیکن گلہری اسے سمجھاتی ہے کہ قدرت نے ہر مخلوق کو الگ صلاحیتیں عطا کی ہیں۔ کسی کا بڑا یا طاقت ور ہونا اسے دوسروں سے برتر نہیں بنا دیتا۔
نہیں ہے چیز نکمی کوئی زمانے میں
کوئی برا نہیں قدرت کے کارخانے میں
یہ اشعار بچوں کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد اور دوسروں کے احترام کا درس دیتے ہیں۔ اقبال کا پیغام ہے کہ ہر انسان اور ہر مخلوق کی اپنی اہمیت ہے ، اس لیے کسی کو کم حیثیت یا محدود وسائل کی وجہ سے حقیر نہیں سمجھنا چاہیے ۔
اقبال کی نظم ‘‘ایک گائے اور بکری’’ بھی بچوں کی اخلاقی تربیت کے حوالے سے اہم ہے ۔ اس میں گائے انسان کے رویے سے شاکی نظر آتی ہے ، جب کہ بکری اسے انسان کی طرف سے فراہم کردہ خوراک، چراگاہ اور تحفظ کی یاد دلاتی ہے ۔ اس مکالمے کے ذریعے اقبال احسان شناسی، انصاف اور کسی معاملے کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے کی تعلیم دیتے ہیں۔ ان کا پیغام ہے کہ کسی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے حقیقت کے تمام پہلوؤں پر غور کرنا چاہیے ۔
‘‘ماں کا خواب’’ میں ماں کی محبت، فکر اور اولاد کے مستقبل سے وابستہ جذبات کو شاعرانہ انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔ یہ نظم بچوں کو ماں کی محبت اور قربانیوں کی قدر کرنے کا احساس دلاتی ہے ۔ اسی طرح ‘‘پرندے کی فریاد’’ میں ایک پرندے کی زبانی آزادی چھن جانے کا دکھ بیان کیا گیا ہے ۔ پرندہ اپنے فطری ماحول اور آزادی سے محرومی پر افسوس کرتا ہے ۔ اس نظم کے ذریعے بچوں کو آزادی کی قدر اور بے زبان مخلوقات کے احساسات سمجھنے کی ترغیب ملتی ہے ۔
بچے کی دعا:لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری’’، یہ نظم ہر دور میں اسکولوں کی صبح کی اسمبلی میں پڑھی جاتی ہے ، جس میں بچے اللہ سے علم، سچائی اور غریبوں کی مدد کرنے کی دعا کرتے ہیں۔ علامہ اقبال نے اپنے کلام میں بچوں اور نوجوانوں کو شاہین بلند پرواز سے تشبیہ دی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو شاہین کی طرح بننا چاہیے ۔
بلند پروازی: ہمیشہ بڑے خواب دیکھیں اور اونچی سوچ رکھیں۔
محنت اور خودداری:دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی محنت سے اپنا مقام بنائیں۔
تیز نگاہ:اپنے مقصد پر گہری نظر رکھیں۔
اقبال کی بچوں سے متعلق شاعری کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ انہوں نے مشکل فلسفیانہ موضوعات کو تمثیل، مکالمے اور سادہ زبان کے ذریعے قابلِ فہم بنایا۔ ان کی نظموں میں مکڑا، مکھی، بلبل، جگنو، پہاڑ، گلہری، گائے ، بکری اور پرندے محض فطرت کے کردار نہیں بلکہ انسانی زندگی کے لیے سبق آموز علامتیں ہیں۔ ان کے ذریعے بچوں کو خود اعتمادی، ہمدردی، خدمتِ خلق، احسان شناسی، آزادی اور دوسروں کے احترام کی تعلیم دی گئی ہے ۔
اقبال کا تصورِ خودی بھی بچوں اور نوجوانوں کی تربیت سے الگ نہیں۔ وہ چاہتے تھے کہ نئی نسل اپنی صلاحیتوں کو پہچانے ، علم حاصل کرے، خود اعتمادی پیدا کرے اور محنت کے ذریعے زندگی میں بلند مقام حاصل کرے ۔ ان کی شاعری میں شاہین بلند پروازی، خودداری، جرأت اور مسلسل جدوجہد کی علامت ہے ۔ اگرچہ شاہین کا تصور صرف بچوں کے لیے مخصوص نہیں، لیکن اس میں نوجوان نسل کے لیے ایک مضبوط تربیتی پیغام موجود ہے ۔ اقبال ایسی نسل دیکھنا چاہتے تھے جو مشکلات سے گھبرانے کے بجائے عزم و حوصلے سے ان کا مقابلہ کرے ۔
آج کے دور میں جب بچوں کی توجہ موبائل فون، غیر ضروری تفریح اور سماجی ذرائع ابلاغ کی طرف بڑھ رہی ہے ، اقبال کی شاعری کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے ۔ والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو اقبال کی نظموں سے روشناس کرائیں اور صرف اشعار یاد کروانے کے بجائے ان کے مفاہیم بھی سمجھائیں۔ اگر ‘‘بچے کی دعا’’ پڑھنے والا بچہ عملی زندگی میں غریبوں کی مدد، سچائی، محنت اور علم سے محبت کو اپنا شعار بنا لے تو یہی اقبال کے پیغام کی حقیقی کامیابی ہوگی۔
اقبال نے بچوں کو محض مستقبل کے شہری نہیں بلکہ ایک باکردار، خوددار اور روشن خیال قوم کی بنیاد سمجھا تھا۔ ان کی بچوں سے متعلق شاعری آج بھی ہماری تعلیمی اور اخلاقی تربیت کا قیمتی سرمایہ ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اقبال کو صرف یومِ اقبال کی تقریبات، تقاریر اور رسمی خراجِ تحسین تک محدود نہ رکھیں بلکہ ان کے پیغام کو بچوں کی روزمرہ زندگی اور تعلیمی نظام کا حصہ بنائیں۔ ایک صدی قبل پیش کیے گئے ان کے تربیتی افکار آج بھی اتنے ہی مؤثر اور قابلِ عمل ہیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے معاشرے کے ذمہ دار شہری بنیں، ملک و قوم کی ترقی میں حصہ لیں اور زندگی میں کامیابی حاصل کریں تو ہمیں انہیں اقبال کی شاعری کا مطالعہ کروانا ہوگا۔ یہی بچوں کے اقبال کو یاد کرنے اور نئی نسل کی کردار سازی کے لیے ان کے افکار سے حقیقی استفادہ کرنے کا بہترین راستہ ہے ۔
علامہ اقبال صرف شاعر نہیں تھے ، بلکہ وہ مصورِ پاکستان بھی تھے ۔ انہوں نے 1930ء میں الہ آباد کے مقام پر مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کا خواب دیکھا۔ اگرچہ وہ پاکستان کو بنتے ہوئے اپنی آنکھوں سے نہ دیکھ سکے اور 21؍اپریل 1938ء کو اس فانی دنیا سے رخصت ہو گئے ، لیکن ان کا دیکھا ہوا خواب قائد اعظم کی قیادت میں سچ ثابت ہوا۔
آج علامہ اقبال ہم میں موجود نہیں، لیکن ان کا پیغام، ان کی شاعری اور ان کا شاہین ہمارے درمیان موجود ہے ۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اقبال کے افکار پر عمل کریں، خوب پڑھیں لکھیں اور اپنے ملک پاکستان کو دنیا کا سب سے بہترین اور طاقتور ملک بنائیں۔
٭٭٭


