دنیا بھر میں 8مارچ کوخواتین کا عالمی دن منایاگیا
شیئر کریں
پاکستان سمیت دنیا بھر میں 8مارچ کوخواتین کا عالمی دن منایا گیا، اس دن کو منانے کامقصد صنف نازک کو درپیش مسائل اور ان کے حل کی کوششوں کو اجاگر کرنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق رواں برس خواتین کا عالمی دن ترقی کیلئے خواتین پر سرمایہ کاری کے عنوان سے منایاگیا۔ بد قسمتی سے تقریباً نصف آبادی پر مشتمل پاکستانی خواتین انتہائی نامساعد حالات کا شکار ہیں، ملکی معیشت میں عورتیں 70 فیصد حصہ ڈالتی ہیں لیکن خواتین کی شرح خواندگی انتہائی کم ہے ، 34 فیصد لڑکیاں ہائی اسکول تک پہنچتی ہیں، پاکستان میں 2 کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے ان میں ایک کروڑ 40 لاکھ لڑکیاں ہیں۔عالمی اقتصادی فورم کے گلوبل جینڈر گیپ رپورٹ کے مطابق پاکستان صنفی برابری میں 146 ممالک میں سے 142 ویں نمبر پر ہے ، جہاں خواتین کو تعلیم، تربیت اور ملازمت تک محدود رسائی حاصل ہے ، یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ کے مطابق پاکستان میں 32 فیصد خواتین تشدد کا شکار بنتی ہیں جبکہ ایک اندازے کے مطابق ہر سال 5 ہزار خواتین تشدد کے باعث موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔