الیکشن کمیشن کا فیصلہ مسترد، جعلی حلقہ بندیوں ووٹرلسٹوں سے دھاندلی ہوچکی، ایم کیوایم
شیئر کریں
الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے ردِعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ الیکشن کمیشن نے انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا،الیکشن کمیشن کے اس متعصبانہ فیصلے کے خلاف عدالت سمیت تمام دروازے کھٹکھٹائیں گے۔ ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہاکہ غیر جانبدارانہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہی الیکشن کمیشن کی واحد ذمہ داری ہے لیکن الیکشن کمیشن نے سندھ میں اپنی یہ ذمہ داری پوری نہیں کی۔ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام قانونی تقاضوں کو پس پشت ڈال کر جعلی حلقہ بندیاں کی ہیں، جس سے شہری سندھ کی ایک چوتھائی آبادی حقیقی نمائندگی سے محروم رہ گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مہاجروں اور سندھ کے شہری علاقوں کی نمائندگی جعلی طریقے سے چھیننے کی سازش کی گئی ہے۔ترجمان ایم کیو ایم نے کہاکہ جس الیکشن میں جعلی حلقہ بندیوں اور جعلی ووٹرلسٹ کے ذریعے دھاندلی ہوچکی ہو اس کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ یہ واضح ہوگیاہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل دھاندلی نہیں رکواسکا اور یہ سوالیہ نشان اس کی شفافیت پر لگا رہے گا۔ترجمان نے کہاکہ ہم الیکشن کمیشن کے اس متعصبانہ فیصلے کے خلاف عدالت سمیت تمام دروازے کھٹکھٹائیں گے، ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ شہری سندھ کو کہاں کہاں انصاف سے محروم رکھا جاتا ہے۔ عدالتوں سے انصاف نہ ملا تو عوامی عدالتیں فیصلہ کریں گی۔