لاہور کے جلسے حکومت کی جان نکلی ہوئی ہے ،مریم نواز
شیئر کریں
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جس طرح سے لاہور یے باہر نکلے ہیں وہ پوری دنیا نے دیکھاہے ،مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ عوام نجات کے لئے پی ڈی ایم اور نواز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ اسلام آبادروانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور کے جلسے سے حکومت کی جان نکلی ہوئی ہے ،کبھی سنا ہے کسی جلسے پر تین تین ہزار ایف آئی آر کٹی ہوں،اتنی ایف آئی آرز کاٹی گئیں کہ اب ان کا خوف نہیں رہا،حکومت اب خود جانے والی ہے اس کی ایف آئی آر کہیں سٹینڈ نہیں کرتی ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں سارے آپشنز زیر غور ہیں،کچھ چیزوں پر کافی بحث ہو چکی ہے ،اس تحریک کو عوام لیڈ کر رہی ہے یہ عوام کی تحریک ہے ،یہ عوام کو مشکلات سے نکالنے کی تحریک ہے ،یہ تحریک اب کبھی نہیں رکے گی اوریہ تحریک حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کی باتیں حکومت کو زیب نہیں دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی حکومتی ترجمان کی بات کا جواب نہیں دینا چاہتی۔