کراچی میں پولیس ،ڈاکوؤں کامبینہ مقابلہ بچی کی جان لے گیا
شیئر کریں
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والا مبینہ مقابلہ کمسن بچی کی جان لے گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایم میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران فائرنگ سے چنگ چی رکشے میں سوار 9 ماہ کی بچی جاں بحق جبکہ ماں زخمی ہوگئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مددگار ون فائیو پر دو ڈاکوں کی لوٹ مار کی اطلاع ملی تھی موٹر سائیکل اسکواڈ کو ڈاکوں کے تعاقب میں بھیجا گیا تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے چنگ چی رکشہ میں سوار بچی کو گولی لگی، فائرنگ سے ماں بھی معمولی زخمی ہوئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقابلے کے دوران ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔پولیس کا بتانا ہے کہ بچی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ماں کو طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ ڈاکو واردات کر رہے ہیں پولیس کے پہنچنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار افراد کو گولی لگی۔انہوں نے بتایا کہ رکشہ مقابلے کی جگہ سے گزر رہا تھا ہم تفتیش کررہے ہیں کہ بچی کو گولی کس کی لگی ہے، فائرنگ کرنے والے ڈاکوں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ناصر آفتاب نے کہ کہ واقعے میں پولیس اہلکار ملوث ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اہلکاروں کومحتاط رہ کر فائرنگ کرنے کے احکامات ہوتے ہیں، واقعے کی مکمل تفتیش کر رہے ہیں۔