پاکستان میں انصاف کا بول بالا اس وقت ہوگا جب ملک میں جمہوریت ہوگی،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی
شیئر کریں
آج سندھ سمیت پورے ملک میں موٹرویز کاجال بچھ رہاہے،یہ نوازشریف کا وژن تھا،سی پیک اگلے50سال تک پاکستان کو ترقی دے گا
مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے اپنے دورِ اقتدار میں ملک میں ریکارڈ کام کروائے اور پاکستان کی معیشت کو بہتر کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا،وزیراعظم پاکستان
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کی ترقی کی علامت ہے۔پاکستان میں انصاف کا بول بالا اس وقت ہوگا جب ملک میں جمہوریت ہوگی۔ آج سندھ سمیت پورے ملک میں موٹرویز کاجال بچھ رہاہے،یہ نوازشریف کا وژن تھا،سی پیک اگلے50سال تک پاکستان کو ترقی دے گا۔پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے اپنے دورِ اقتدار میں ملک میں ریکارڈ کام کروائے اور پاکستان کی معیشت کو بہتر کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ۔جانتا ہوں ملک میں بدقسمتی سے سیاست میں کیا ہورہا ہے، بدقسمتی سے آج عوام کے مینڈیٹ کو قبول نہیں کیا جارہا ہے۔نواز شریف واحد لیڈر ہیں جو ملک کو متحد رکھے ہوئے ہیں، نواز شریف ملک کی ترقی اور اسے آگے بڑھانے کی بات کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو وفاقی وزیر غلام مرتضیٰ جتوئی کی دعوت پر نوشہروفیروز میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اپنے خطاب میں وزیراعظم نے نوشہروفیروز میں بجلی اور گیس کیلئے ڈیڑھ ارب روپے جبکہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے ایک ارب روپے اور اس کے علاوہ ضلع بھر کے لئے وزیراعظم ہیلتھ کارڈ اسکیم کا اعلان کیا۔شاہد خاقان عباسی نے اس موقع پر مرتضی جتوئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ عوامی نمائندے اور مسلم لیگ کی شناخت ہیں۔ انہوں نے غلام مصطفی جتوئی کی سیاسی بصیرت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ غلام مصطفی جتوئی پارلیمنٹ میں جس طرح اپنا کردار ادا کرتے تھے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس میثاق جمہوریت پر بے نظیر اور نوازشریف نے دستخط کیے اس کی بنیاد انتقامی سیاست کو ختم کرنا تھا، ان ہی باتوں سے سیاستدان بدنام ہوتے ہیں اور عوام کا نقصان ہوتا ہے لیکن ہمیں میثاق جمہوریت کے مطابق سیاست کو آگے لے کر جانا ہے۔امید کرتاہوں سیاست کے جس معیارپرنوازشریف،بینظیرمیں اتفاق ہواوہی آگے چلے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ جانتا ہوں ملک میں بدقسمتی سے سیاست میں کیا ہورہا ہے، بدقسمتی سے آج عوام کے مینڈیٹ کو قبول نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ وسائل کرپشن کی نذر ہوجائیں تو یہ حکومت کی ناکامی ہوتی ہے،ہمارا بنیادی اصول ہے کہ نوکریاں میرٹ کی بنیاد پر عوام کو دی جانی چاہئیں، حکومت کی نوکریاں انصاف کے تقاضوں کے مطابق حقدار کو ملنی چاہئیں،نوکری اس وقت ملتی ہے جب معیشت مضبوط ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد کہا گیا کہ مسلم لیگ(ن) ٹوٹ جائے گی اور اس کے کارکن ادھر ادھر چلے جائیں گے لیکن حکومت نے 28 جولائی کا عدالتی فیصلہ تسلیم کیا، ملک کو چیلنجز درپیش ہیں جن کا مقابلہ کرنا ہے، پوری دنیا افغانستان میں جس دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کرسکی پاکستان نے اس دہشت گردی کو شکست دی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج سندھ سمیت پورے ملک میں موٹرویز کاجال بچھ رہاہے۔ سندھ کے جو منصوبے 15،15 سال سے نامکمل تھے ہم ان پرکام کررہے ہیں،چار سال پہلے اور آج کے کراچی میں زمین آسمان کا فرق ہے،ن لیگ کی حکومت میں ترقی کی شرح 3 سے بڑھ کر6 فیصد ہوگئی ،ہم نے وہ کام کیے جن سے ووٹ توکم ملتے ہیں لیکن ملک ترقی کرتاہے۔انہوں نے کہا کہ صرف کھوکھلے نعروں سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوتے،مسلم لیگ ن نے صرف باتیں نہیں کیں،کام کرکے دکھایا،ن لیگ کی حکومت میں صوبوں کے وسائل بڑھائے گئے،پچھلے دورکے مقابلے میں زیادہ وسائل صوبوں کوحوالے کیے گئے۔جمہوریت ہی پاکستان کی ترقی کی علامت ہے، انصاف اسی وقت ہوگا جب ملک میں جمہوریت ہوگی،آٹھ نو مہینے کے بعد الیکشن ہے،آپ کے فیصلے کا اثر 5 سال تک ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف لوگوں کو اکٹھا کرنے کی بات کرتے ہیں،نوازشریف واحد لیڈر ہیں جو ملک کی ترقی کی بات کرتے ہیں، نوکری اور انصاف جمہوریت سے ہوتے ہیں۔قبل ازیں نوشہروفیروز آمد پر وفاقی وزیر غلام مرتضیٰ جتوئی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا استقبال کیا ۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی آمد کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات سخت کیے گئے تھے جبکہ علاقے میں سندھ اور بلوچستان کی سرحد کو بند کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔