امان اللہ یٰسین کا استعفیٰ منظور، ظہور احمد آغا نئے گورنر بلوچستان مقرر
شیئر کریں
امان اللہ یٰسین نے گورنربلوچستان کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیاجسے منظور کرلیاگیا ، ظہور احمد آغاکو نیاگورنر بلوچستان مقررکردیاگیا،اطلاعات کے مطابق گورنر جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یٰسین زئی نے اپنا استعفیٰ صدر پاکستان کو بھجوایاتھا جسے فوری طورپرمنظورکرلیاگیاگورنر ہاؤس کے ذرائع نے تصدیق کی تھی کہ گورنر جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یٰسین زئی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے۔صدر پاکستان عارف علوی نے وزیر اعظم کی سفارش پر جسٹس (ر) امان اللہ خان یٰسین زئی کو 3 اکتوبر 2018 کو گورنر بلوچستان مقرر کیا تھا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا گیا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔صدر عارف علوی نے سید ظہور احمد آغا کو بلوچستان کا نیا گورنر مقرر کردیا ہے۔خیال رہے کہ وزیر اعظم نے اپریل 2021 کے اواخر میں کوئٹہ کا دورہ کیا تھا اور اس دورے کے دو دن بعد ہی گورنر بلوچستان سے استعفیٰ طلب کر لیا گیا تھا۔رواں سال یکم مئی کو وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے گورنر جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی کو استعفیٰ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو درپیش سیاسی چیلنجز کے پیش نظر نیا گورنر تعینات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ وزیر اعظم ملک کی تیزی سے تبدیل ہوتی ہوئی سیاسی صورتحال کے پیش نظر گورنر کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔نجی چینل کے مطابق وزیراعظم آفس کے ذرائع نے بتایا تھا کہ گورنر بلوچستان کے لیے تحریک انصاف کے رہنما سید ظہور آغا کو مضبوط ترین امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے رہنما گزشتہ 2 ماہ سے صوبے کے گورنر کی تبدیلی کا مطالبہ کررہے ہیں کیونکہ وہ بلوچستان میں تحریک انصاف کا گورنر لانا چاہتے ہیں۔پی ٹی آئی کے صوبائی عہدیداروں نے گورنر بلوچستان کے لیے نوابزادہ ہمایوں خان جوگیزئی، منیر احمد بلوچ، نواب غوث بخش باروزئی کے نام تجویز کیے تھے۔مستعفی ہونے والے گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے اس سے قبل 2005 سے 2009 تک بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں اور بظاہر سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس کا سامنا کرنے سے بچنے کے لیے دیگر 4 ججوں کے ہمراہ استعفیٰ دے دیا تھا۔بلوچستان ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس نے 3 نومبر 2007 میں اس وقت کے فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف کی جانب سے نافذ کی گئی ایمرجنسی کے بعد پی سی او کے تحت حلف اٹھایا تھا۔