متحدہ لندن نے شہر قائد کی سیاست میں رنگ جمانے کی تیاریاں تیز کردیں
شیئر کریں
(رپورٹ : شعیب مختار) متحدہ لندن نے شہر قائد کی سیاست میں رنگ جمانے کی تیاریاں تیز کر دیں این اے 240 کے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کے بعد 11 جون کو اے پی ایم ایس او کے یوم تاسیس پر سیاسی انٹری دینے کا فیصلہ کر لیا، کراچی اور حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں وال چاکنگ کر دی گئی، حساس ادارے متحرک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ لندن کی جانب سے گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال کے بعد خالی والی نشست پر 16 جون کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز بانی متحدہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک کھلا خط بھی جاری کیا گیا ہے جس میں لانڈھی اور کورنگی کے کارکنان کو خصوصی پیغام دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں میں اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے متحدہ لندن کی جانب سے رات گئے وال چاکنگ بھی کی گئی ہے جس میں 11 جون کو آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے 44وے یوم تاسیس سے متعلق مختلف نعرے درج ہیں۔تمام تر صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے متحدہ لندن اور متحدہ پاکستان میں خونزیر تصادم سامنے آنے کے خدشے کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مورچے سنبھال لیے ہیں جس کے تحت این اے 240 کے تمام تر حلقوں کی سیکورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے مذکورہ وال چاکنگ کرنے والوں سے متعلق پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے کسی بھی فرد کے بانی متحدہ سے تانے بانے جڑنے یا متحدہ لندن کے حق میں وال چاکنگ کرنے پر اسے نہ صرف حراست میں لیا جائے گا بلکہ اس کیخلاف ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کے پیش نظر مقدمات بھی قائم کیے جائیں گے۔