
پاکستان نے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا
شیئر کریں
بھارت نے گزشتہ رات مختلف مقامات پر ڈرون بھیجے، ڈی جی آئی ایس پی آر
۔۔۔۔۔
افواج پاکستان نے 25 اسرائیلی ساخت کے ہیرون ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ہیرون ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاک فوج نے 12 شہروں میں 25 اسرائیلی ساختہ بھارتی ہیرون ڈرون مار گرائے۔ ان شہروں میں گوجرانوالہ، ڈہرکی، چکوال، شیخوپورہ، اور گجرات شامل ہیں۔
ایک ڈرون کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ میں بھی گرنے کی اطلاعات ہیں۔لاہور میں بھارت کے چھ ڈرون مار گرائے گئے، راولپنڈی میں تین اور کراچی میں دو بھارتی ڈرون مارگرائے گئے،
اٹک میں بھی دو بھارتی ڈرون مار گرائے گئے۔ اس کے علاوہ چکوال، بہاولپور، میانو، چھور، گوجرانوالا، شاہ کوٹ اور ننکانہ میں بھارتی ڈرون مار گرائے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جمعرات کو میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بھارت کی جانب سے 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی گئی۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بھارت نے گزشتہ رات مختلف مقامات پر ڈرون بھیجے۔
انہوں نے ابتدائی طور پر بتایا کہ پاک فوج نے لاہور، گوجرانولا، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی سمیت 12 شہروں میں کئی بھارتی ڈرون مار گرائے۔انہوں نے بتایا کہ ڈرون گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ ایک بھارتی ڈرون پاکستانی فوجی تنصیب سے ٹکرانے میں کامیاب ہوا جس میں پاک فوج کے چار اہلکار زخمی ہوئے اور عسکری سامان کو معمولی نقصان پہنچا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ڈرون بھیجنا کھلی جارحیت ہے۔