سوئی سدرن، گیس ٹرانسپورٹیشن کے ایک ارب 57کروڑ وصولنے میں ناکام
شیئر کریں
سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کی انتظامیہ سوئی ناردرن سے گیس ٹرانسپورٹیشن کی مد میں ایک ارب 57کروڑ روپے وصول کرنے میں ناکام ہو گئی، سوئی ناردرن نے آر ایل این جی کی سیٹلمنٹ نہ ہونے کے باعث رقم روک دی، اوگرا کنسلٹنٹ حتمی فیصلہ کریں گے ۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ اور سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے درمیان 26 جنوری 2014 کے معاہدے کے تحت سوئی ناردرن دادو کی زم زمہ گیس فیلڈ سے گیس ٹرانسپورٹیشن کی مد میں رقم ہر ماہ سوئی سدرن کو ادا کرے گی، ایس ایس جی سی ایل کے مالی سال 2022-23کے اکاؤنٹس کے جائزے کے دوران انکشاف ہوا کہ سوئی ناردرن نے سوئی سدرن کو ایک ارب 57 کروڑ 90 لاکھ روپے ادا نہیں کئے ، ایس ایس جی سی ایل انتظامیہ کو جنوری 2024میں ادائیگی نہ ہونے کے متعلق آگاہی دی گئی جس پر سوئی سدرن کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن نے مئی 2020کی آر ایل این جی کی رقوم کی سیٹلمنٹ نہ ہونے کے باعث رقم روک دی ہے ، اوگرا کنسلٹنٹ کی حتمی رپورٹ کے بعد رقم کا معاملہ طے ہوگا اور سوئی ناردرن سے رقم حاصل کی جائے گی۔ جنوری 2024 میں ڈیپارٹمنٹل ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں بھی ایس ایس جی سی ایل انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ سوئی ناردرن سے رقم کے حصول کے لئے اقدامات کئے جائیں لیکن سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کی انتظامیہ نے کوئی پیش رفت نہیں کی۔