کراچی، حیدر آباد میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کی تیاریاں مکمل
شیئر کریں
الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو کرانے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لیں۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں بینچ کا محفوظ کیا گیا فیصلہ پیر کو سنایا جائے گا اورکراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدر آباد میں الیکشن کی تیاری مکمل کرلی ہے اور الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم کی جانب سے دُہری لسٹوں کا الزام رد کر دیا ہے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی اور حیدر آباد کے بلدیاتی الیکشن پرانی ووٹر لسٹوں پر ہی ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق کراچی اور حیدرآباد کے الیکشن کا شیڈول تبدیل نہیں ہوا صرف تاریخ ملتوی ہوئی، 29 اپریل کو بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونے پر کوئی نئی لسٹ نہیں تھی، نئی یونین کونسل اور وارڈ بنانا صوبائی حکومت کی اتھارٹی ہے، نئے وارڈ اور یونین کونسل بننے کے بعد حلقہ بندیاں ہوتی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت کے دوران کہا تھا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات مزید التوا کا شکار نہیں ہو سکتے، بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔