پیراڈائز لیکس، منشاء، ہاشوانی سمیت 135پاکستانی بے نقاب، ایف بی آر کا تحقیقات کا اعلان
شیئر کریں
اسلام آباد ( بیورو/ نیوز ایجنسیاں)پیراڈائز لیکس کے ذریعے 135 پاکستانی بے نقاب، ایف بی آر کا تحقیقات کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ پیراڈائز لیکس میں جن پاکستانی کا بھی نام آیا ہے اس کے خلاف تحقیقات ہوگی۔ترجمان ایف بی آر کے مطابق پیراڈائز لیکس کا جائزہ لیا جارہا ہے جس میں ایک لمبی فہرست ہے ٗ پیرا ڈائز لیکس میں آنے والے پاکستانیوں کے ناموں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ پیراڈائز لیکس میں آنے والے پاکستانیوں کو نوٹس جاری کریں گے تاہم فی الحال ایسے لوگوں کے ناموں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ خیال رہے کہ تحقیقاتی صحافیوں کے بین الاقوامی کنسورشیم (آئی سی آئی جے) کی جانب سے جاری کردہ پیراڈائز لیکس میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز سمیت تقریباً 135 پاکستانیوں کے نام سامنے آئے ہیں۔پیراڈائز لیکس میں پاکستانیوں کے حوالے سے ملنے والا بیشتر ریکارڈ برمودا، برٹش ورجن آئی لینڈ، کیمین آئی لینڈ، مالٹا اور دیگر ملکوں سے ملا ہے۔ سینئر صحافی عمر چیمہ کی رپورٹ کے مطابق پیراڈائز لیکس میں جن پاکستانیوں کے نام سامنے آئے انہوں نے یا تو اپنے یا پھر آف شور کمپنیوں کے نام سے سوئس بینکوں میں اکاؤنٹس بنائے تھے۔ پیراڈائز لیکس میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز، نیشنل انشورنس کارپوریشن لمیٹڈ (این آئی سی ایل) کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی، صدر الدین ہاشوانی، میاں منشاء ، ڈائریکٹ ٹو ہوم (ڈی ٹی ایچ) لائسنس کی کامیاب بولی دینے والے ظہیر الدین، سونیری بینک کے مالک نورالدین فیراستا، چیئرمین داؤد ہرکولیس کارپوریشن حسین داؤد اور دیگر نامور پاکستانیوں کی شناخت سامنے آئی ہے جنہوں نے آف شور سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ علاوہ ازیں پیراڈائز لیکس میں بھارتی فلم انڈسٹری کے بگ بی امیتابھ بچن سمیت 714 بھارتیوں کے نام بھی آف شور کمپنیوں میں سامنے آگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق پاناما لیکس کے بعد پیراڈائزلیکس کے نام سے آئی سی آئی جے نے ایک اور بڑا دھماکا کردیا ، پیراڈائزلیکس میںدنیا کے 47 ممالک کے 127 نمایاں افراد کے نام شامل ہیں،ان میں714افراد کا تعلق بھارت سے ہے، بھارتی وزیر مملکت برائے سول ایوی ایشن جے ینت سنہا،بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ آر کے سنہا اور فلم اسٹار سنجے دت کی بیوی کا نام بھی ان بھارتیوں میں شامل ہوگیا ہے جنہوں نے آف شور کمپنی قائم کر رکھی ہے ۔بھارتی میگا اسٹار امیتابھ بچن کے برمودا میں قائم آف شور کمپنی میں شیئرز سامنے آگئے ہیں ،سنجے دت کی بیوی نے دلنشیں کے نام سے بیرون ملک کمپنی کھول رکھی ہے ۔پیراڈائز لیکس کی فہرست میں کئی بھارتی سیاست دان بھی شامل ہیں ،بھارتی کمپنیوں میں جندل اسٹیل، اپولو ٹائرز، ایمار ایم جی ایف، ویڈیو کون کے نام بھی لسٹ کا حصہ ہیں ۔بھارتی میڈیا کے مطابق پیراڈائز لیکس میں سات سو چودہ بھارتیوں کے نام آئے ہیں،بھارتی کمپنی سن گروپ لا فرم ایپل بائی کا دوسرا بڑا بین الاقوامی کلائنٹ ہے ، جس کی 118 آف شور کمپنیاں ہیں۔پیراڈائز لیکس میں ایک کروڑ 34 لاکھ دستاویزات میں 180 ممالک کی 25 ہزار سے زائد کمپنیاں، ٹرسٹ اور فنڈز کا ڈیٹا شامل ہے۔دستاویزات کے مطابق امریکا کی معروف گلوکارہ میڈونا اور ایک پاپ سنگر بونو کا نام بھی آف شور کمپنیاں قائم کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہے۔