ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس، شعیب شیخ ذاتی حیثیت میں یکم نومبر کو عدالت طلب
شیئر کریں
ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے شعیب شیخ کو یکم نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ جمعہ کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں شعیب شیخ و دیگر کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی، سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ اگر آئندہ سماعت پر بھی شعیب شیخ پیش نہ ہوئے تو سزا معطلی کا حکم واپس لینے پر غور کریں گے، ایگزیکٹ کے شعیب شیخ سزا کے خلاف اپیل میں ایک بار پھر سماعت میں پیش نہیں ہوئے، جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت سے سزا معطلی کا حکم واپس لینے کی استدعا کر دی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹر اشفاق نقوی نے عدالت کو بتایا کہ شعیب شیخ گزشتہ سماعت پر بھی پیش نہیں ہوئے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ سزا معطلی کا حکم واپس لیا جائے۔ دریں اثنا شعیب شیخ کے وکیل کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ شعیب شیخ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ شعیب شیخ کب پیش ہوں گے؟ جس پر وکیل نے آئندہ ماہ کی تاریخ مانگ لی۔ عدالت نے شعیب شیخ کو یکم نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔