میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
گندم ، چینی کے ذخیرہ اندوزں کے خلاف بھرپورکریک ڈاؤن کی ہدایت

گندم ، چینی کے ذخیرہ اندوزں کے خلاف بھرپورکریک ڈاؤن کی ہدایت

ویب ڈیسک
بدھ, ۷ اکتوبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

وزیر اعظم عمران خان نے چینی اور گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گندم اور چینی کے موجود اسٹاک، طلب و رسد، مستقبل کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے حوالے سے کی جانے والی درآمد اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گندم اور چینی کی وافر دستیابی کو یقینی بنائے گی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ گندم اور چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ گندم کی ریلیز کو مزید بڑھایا جائے تاکہ مارکیٹ میں وافر مقدار میں گندم کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ درآمدکی جانے والی گندم کے ملک میں پہنچنے کا تفصیلی شیڈول پیش کیا جائے۔ چینی کے حوالے سے وزیرِاعظم نے چیف سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی کہ چینی ملوں میں موجود اسٹاک کی فزیکل ویری فیکیشن کرائی جائے۔وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی کہ گنے کی کرشنگ کی تاریخ کا جلد از جلد اعلان کیا جائے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب اور چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت کی کہ گنے کی سرکاری قیمت کا اعلان بھی جلد از جلد کیا جائے۔بعدازاں وفاقی کابینہ نے بھی چینی کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے فیصلے کی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ نجی شعبے کی جانب سے درآمد شدہ 4 لاکھ 30 ہزار ٹن گندم ملک میں پہنچ گئی ہے مزید6 لاکھ 60 ہزار ٹن کا انتظام کیے جا رہے ہیں۔ سرکاری سطح پر ٹی سی پی کی جانب سے چھ لاکھ تیس ہزار ٹن گندم کی درآمد کے انتظام مکمل کر لئے گئے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مہنگائی کی شرح ،ریلوے اور پی آئی کی بحالی سمیت اہم قومی امور پرغور کیا گیا۔ وزیرریلوے شیخ رشید نے اجلاس کو بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی تین مراحل میں ہوگی۔ سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے کی جلد بحالی کی ہدایت دی ہے۔پی آئی اے کے سالانہ منافع اور نقصان کی رپورٹ بھی وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 2019 میں پی آئی اے نے 7 اعشاریہ 8 ارب روپے کا منافع کمایا۔ 2018 میں پی آئی اے کو 19 اعشاریہ 8 ارب روپے کا نقصان ہوا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں