میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بھارت ہمیں نقصان پہنچانے کی خفیہ سازشوں میں ملوث ہے ،صدر مملکت

بھارت ہمیں نقصان پہنچانے کی خفیہ سازشوں میں ملوث ہے ،صدر مملکت

ویب ڈیسک
پیر, ۷ ستمبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

صدر عارف علوی نے مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا۔ایوان صدر میں یوم دفاع پر اعزازات دینے کی تقریب ہوئی۔ تقریب میں وزرا، اعلی سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔صدر مملکت نے ونگ کمانڈر نعمان کوستارہ جرأت عطا کیا۔ ایئر وائس مارشل ظفر اسلم کو ستارۂ بسالت سے نوازا گیا۔ گروپ کیپٹن رانا الیاس حسن اور لیفٹیننٹ کمانڈر عمیر افتخار کو ستارۂ بسالت دیا گیا۔ونگ کمانڈر محمد عمر، کیپٹن جنید عرفان عباسی، صوبیدار میجر منور خان، صوبیدار منیر احمد، نائب صوبیدار نذیر احمد کو بعد از شہادت ستارہ ٔبسالت عطا کیا گیا۔حوالدار انجینئر محمد آصف، عبدالنصیر، عبدالرحمان، میر ولی شاہ، سپاہی رمزعلی، سمیع اللہ بیگ اور انور جان کو بھی بعد از شہادت ستارۂ بسالت دیا گیا۔ایئر مارشل ظہیر احمد بابر، ایئر مارشل جواد سعید، ایئر مارشل محمد زاہد محمود، ریئر ایڈمرل عمران احمد کو ہلال امتیاز عسکری عطا کیا گیا۔میجر جنرل نوید صفدر، میجر جنرل طاہر خادم، میجر جنرل اسلم خان، میجر جنرل عمار ہمدانی، میجر جنرل عرفان شیخ، میجر جنرل وسیم احمد، میجر جنرل عمران فضل، میجر جنرل سید رضا، میجر جنرل طاہر اقبال مرحوم، میجر جنرل ملک مسعود اور میجر جنرل ایوب احسن بھٹی کو بھی ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت سے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے ملک کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کر نے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ بھارت ہمارے اندرونی استحکام کونقصان پہنچانے کی خفیہ سازشوں میں ملوث ہے ،بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کے امن اوراستحکام کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے ، ہم اپنے دفاع اورسلامتی پرہرگزسمجھوتا نہیں کریں گے اوردشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیاجائے گا، کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری
رکھیں گے اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کا ساتھ دیتے رہیں گے ۔ اتوار کو یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ یوم دفاع پاکستان ہمیں اس جذبے اور بہادری کی یاددلاتا ہے جس سے ہم نے پچپن سال قبل دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملادیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ اس دن ہماری برَی،بحری اورفضائی افواج نے مثالی جراتمندی اورپیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کوہر محاذپر شکست دی۔صدر عارف علوی نے کہاکہ نہ صرف افواجِ پاکستان بلکہ قوم کا ہرفرداور ہرطبقہ وطن کا محافظ بن گیا تھا، آج کے دن پوری قوم شہدائِ وطن کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کے جذبہ استقلال کوبھی خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔صدر عارف علوی نے کہاکہ جذبہ ستمبر 1965 ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے ، ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت،جنگی تیاری، اورسب سے بڑھ کرجذبہ ایمانی نے آج پاکستان کوناقابل تسخیربنادیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دفاعی میدان میں ہم خودانحصاری کی منزل حاصل کرچکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے وطن کی سلامتی،تحفظ اورخوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں