میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
تیز بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع، بجلی غائب ٹریفک کی روانی متاثر

تیز بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع، بجلی غائب ٹریفک کی روانی متاثر

ویب ڈیسک
جمعه, ۷ اگست ۲۰۲۰

شیئر کریں

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شارع فیصل، ڈرگ روڈ، ناتھا خان کے قریب کئی کئی فٹ پانی جمع ہے، شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی، دفاتر سے گھر جانے والے شہریوںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ذرائع کے مطابق کے ڈی اے چورنگی، حیدری، فائیو اسٹار چورنگی کے قریب سڑکوں پر پانی جمع ہے، گارڈن انکل سریا، شاہین کمپلیکس، ایمپریس مارکیٹ کے اطراف بھی پانی جمع ہے۔ادھر اسٹار گیٹ، بہادر آباد، ناتھا خان سے ایئرپورٹ، ماری پور روڈ، منزل پمپ، ملیر، لیاقت آباد 10 نمبر، شفیق موڑ، کورنگی بلال چورنگی پر بھی بارش کا پانی جمع ہونے کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب کراچی میں چھوٹے نالے چوک ہونے کی وجوہات سامنے آگئیں، فائیو اسٹار چورنگی پر قائم نالے سے ٹوکریاں برآمد ہوئی ہیں۔ڈسٹرکٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فائیو اسٹارنالہ بارش سے پہلے ہی ابل پڑا، نالے کی صفائی کے دوران ٹوکریاں ملی ہیں، نالے میںسیوریج کا پانی بھی چھوڑا جارہاہے۔شہر کے کئی علاقوں سے عید سے قبل ہونے والی بارش کا پانی اور گندگی اب تک صاف نہ ہوسکی تھی کہ نئے اسپیل سے ان علاقوں کی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔کشمیری محلے میں جمع سیوریج کا پانی اور کچرا اب تک ٹھکانے نہیں لگایا جاسکا، گندگی اور کچرے کے باعث کورنگی ندی کے بہاؤ میں بھی رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ماڈل کالونی میں جانوروں کی آلائشوں سے اٹھنے والے تعفن اور بارش سے مکینوں کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے۔سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی، حیدر آباد اور دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔سندھ کے ساحلی علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ماہی گیروں کو 8 اگست تک گہرے سمندر میں نہ جانے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ کراچی میں بارش رحمت کے بجائے زحمت بن جاتی ہے اور اس بار بھی یہی ہوا، صدر، اولڈ سٹی ایریا ، ائیرپورٹ، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاون،ملیر، کورنگی اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔بارش ہوتے ہی آئی آئی چندریگرروڈ، شارع فیصل ، یونیورسٹی روڈ اور دیگر مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور پھر روایت کے عین مطابق کے الیکٹرک کے 600 فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے نیوکراچی، منگھوپیر، سرجانی، ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، گارڈن، لیاری، بلدیہ، سعید آباد، لیاقت آباد سمیت سمیت کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے علاوہ بھی مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ تین سے 9 گھنٹے تک پہنچا ہوا ہے جبکہ لوڈ منیجمنٹ کے نام پر بھی رات 2 بجے سے 5 بجے تک مختلف علاقوں کی بجلی بند کردی جاتی ہے جس سے شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر بھر میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جاتی جبکہ کچھ مستثنیٰ علاقوں میں عارضی لوڈمنیجمنٹ کی جارہی ہے۔کراچی میں دوپہر 2 بجے سے رات 8 بجیتک کے دوران سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس فیصل پر 56 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں