افغانستان کی دھمکیاں قبول نہیں ‘الزام تراشی کے بجائے اپنے گربیان میں جھانکے‘ کور کمانڈر ز کانفرنس
شیئر کریں
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کہا گیا کہ افغانستان دھمکیوں اور الزامات کے بجائے اپنے اندرونی مسائل کی نشاندہی کرے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں علاقائی سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا جب کہ کانفرنس میں افغانستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات بھی زیر غور آئے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس میں افغان حکومت، عوام اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا گیا کہ شدت پسندی، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے افغانستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے افغانستان کی جانب سے بلاجواز الزامات، دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیا اور کہا کہ دھماکوں کے بعد پاکستان کے خلاف الزامات اور دھمکیاں قبول نہیں، پاکستان پر الزامات کے بجائے افغانستان اپنے اندرونی مسائل کی نشاندہی کرے اور ان پر توجہ دے۔ ترجمان نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے مادر وطن کا دفاع کرے گی اور خطے میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے جب کہ دہشت گردی کے خلاف افغانستان سے تعاون وحمایت جاری رکھیں گے،کانفرنس میں افغانستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا اور افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔کانفرنس میں کابل حملے کے بعد افغانستان کی جانب سے پاکستان پر عاید کیے جانے والے الزامات کو بلاجواز قرار دیا گیا اور افغانستان پر زور دیا گیا کہ وہ پاکستان پر الزامات عاید کرنے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکے اور حقیقی مسائل کا ادراک کرے۔