میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ایم ڈی اے،عرفان بیگ احتساب کے نرغے میںآگیا

ایم ڈی اے،عرفان بیگ احتساب کے نرغے میںآگیا

ویب ڈیسک
منگل, ۷ جنوری ۲۰۲۵

شیئر کریں

ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا گریڈ پانچ کا میل ویکسی نیٹر عرفان بیگ احتسابی نرغے میں آچکا ہے۔ ایم ڈی اے میں بدعنوان عرفان بیگ کے خلاف کارروائی شروع ہو چکی ہے۔نئے ڈائریکٹر جنرل سعید صالح جمانی نے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے لئیق احمد کو ٹاؤن پلاننگ کے عہدے سے فارغ کردیا جبکہ عرفان بیگ کو ناجائز ملنے والی تنخواہ روک دی گئی ہے۔گریڈ پانچ کے میل ویکسی نیٹر عرفان بیگ نے مشکوک اسناد اور سسٹم مافیا کی سرپرستی میں ایم ڈی اے میںجعلسازیوں کا جو طوفان برپا کیے رکھا ، اس میں گریڈ پانچ کے ملازم ہوتے ہوئے گریڈ انیس کی تنخواہ لینا بھی شامل تھا۔ عرفان بیگ کے تمام غیر قانونی اقداما ت کو سابق ڈی جی نجب الدین سہتو کی مکمل حمایت حاصل رہی۔ واضح رہے کہ نئے ڈی جی ایم ڈی اے سعید صالح جمانی ان دنوں طبی چھٹی پر ہیں ، جس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے عرفان بیگ نے ایم ڈی اے کے ہیڈ آفس میں خفیہ طور پر آمدو رفت برقرار رکھی ہوئی ہے۔ کرپشن،قبضوں اور ریکارڈ ٹمپرنگ سے اربوں روپے بنانے والے عرفان بیگ نئے ڈی جی کے خلاف سازشوں کا جال بننے میںمصروف ہو گئے ہیں۔ انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق سسٹم مافیا کی سرپرستی کے باعث عرفان بیگ اس قدر جری ہو چکا تھا کہ سندھ حکومت کے انتہائی اہم وزیر کی جانب سے ایم ڈی اے میںایک جائز کام کے لیے رابطہ کیا گیا تو عرفان بیگ نے اس کام کو سابق ڈی جی نجب الدین سہتو کے ذریعے رکوا دیا۔ بعدازاں جب عرفان بیگ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی تو عرفان بیگ نے مذکورہ وزیر کے پاؤں پکڑکر معافی تلافی کی بہت زیادہ کوششیں کیں، مگر یہ کامیاب نہیں ہو سکیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق اس وقت بھی عرفان بیگ اور لئیق احمد کو موجودہ ڈائریکٹر فنانس وقاص سومرو کی حمایت حاصل ہے۔ اطلاعات کے مطابق وقاص سومرو نے اندرون خانہ پوری سازش کی کہ گریڈ پانچ کے اس ایم ڈی اے کے لیے اجنبی ملازم کو کسی طرح گریڈ انیس کی تنخواہ جاری ہو جائے مگر موجود ہ ڈی جی سعید صالح جمعانی نے اس پر سرزنش کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو پچھلی غیر قانونی تنخواہوں کی ادائیگی پر جواب دہ بنایا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں