جماعت اسلامی وتاجروں کا مظاہرہ، ظالمانہ بجٹ نامنظور
شیئر کریں
جماعت اسلامی کے تحت حکومت اور آئی ایم ایف کے تیار کردہ ظالمانہ، عوام تاجر دشمن بجٹ،مہنگائی اور بجلی، گیس و پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف جمعرات کو ریگل چوک صدر پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں تاجروں نے بھی بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔مظاہرین نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ عوام کا خون نچوڑنے والے آئی ایم ایف بجٹ میں ظالمانہ ٹیکسز واپس لو،حکمرانوں وعدہ پورا کرو 300 یونٹ بجلی کے بل معاف کرو ،ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاوس کے اخراجات میں 30 فیصد اضافہ غریب کے آٹے اور اس کے بچے کے دودھ پر 18 فیصد ٹیکس نامنظور نامنظور ،غریب کا چولھا بجھا کر اشرافیہ کے محلات میں جشن اور چراغاں نہیں ہونے دیں گے ،آٹے ، دال اور دودھ پر ٹیکس لگا کر غریب کے بچے کو روٹی اور دودھ سے محروم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،قاتل الیکٹرک کے ای کا لائسنس منسوخ۔ کے ای کا فارنزک آڈٹ کراو۔امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جاگیرداروں اور وڈیروں پر ٹیکس عائد کیا جائے ،تاجروں اور تنخواہ دار طبقے پر سے ٹیکس ختم کیا جائے ۔ کے الیکٹرک کو سرکاری تحویل میں کیا جائے اس کا فارنزک آڈٹ کیا جائے ۔ کراچی کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ فری کیا جائے اور سستی بجلی فراہم کی جائے ۔ امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حق دو کراچی کے بعد ظالمانہ بجٹ ،بدترین لوڈشیڈنگ اور آئی پی پیز کے خلاف حق دو عوام تحریک شروع کردی ہے ۔ اہلیاں کراچی حق دو عوام کو کی تحریک کی حمایت کرتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ظالمانہ بجٹ کے خلاف اسلام آباد 12 جولائی کو دھرنے کی کال دی ہے ۔ اہلیاں کراچی دھرنے کی بھی مکمل حمایت کرتے ہیں۔احتجاجی مظاہرے سے امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ،کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر،آل پاکستان اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری کے صدر محمود حامد ،کوآپریٹیو مارکیٹ کے جنرل سکریٹری اسلم خان،آل پاکستان کنفیکشنری کے رہنما جاوید حاجی عبد اللہ ،اولڈ سٹی اتحاد کے رہنما محمد شعیب ،واٹر پمپ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے رہنما عارف اسماعیل ،لیاقت آباد ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے رہنما بابر بنگش ،بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے صدر شریف میمن ،لانڈھی بابر مارکیٹ ٹریڈرز کے رہنما راشد علی ،طارق روڈ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے رہنما اعظم،گلشن اقبال کے تاجر رہنما جاوید اختر ،اسپورٹس مارکیٹ کے رہنما سلیم ملک، نور احمد عباسی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔