سندھ میں بلدیاتی انتخابات، تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا
شیئر کریں
سندھ میں سپریم کورٹ کے احکامات کے برخلاف بلدیاتی انتخابات کے معاملہ پر تحریک انصاف سندھ نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے،پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی بلدیاتی انتخابات کے معاملہ پر آئینی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے کہاکہ عدالت کا مشکور ہوں کہ ہماری درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی ہمیں عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے، ہماری قانونی ٹیم عدالت میں بہترین مقدمہ پیش کرے گی اور امید ہے عدالت عظمی سندھ کی عوام کے حق میں فیصلہ دے گی۔سابق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا الیکشن کمیشن انتخابات منعقد کروا کر توہین عدالت کا مرتکب ہو رہا ہے، سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ذمہ داریوں کے تعین تک انتخابات کا انعقاد غلط ہے،کراچی کے ضلع کیماڑی اور غربی میں حلقہ بندیاں تاحال نامکمل ہیں، حلقہ بندیوں کے مکمل ہوئے بغیر انتخابات کا اعلان نہیں کیا جاسکتا، ، نامکمل حلقہ بندیوں کے بعد امیدوار انتخابات میں حصہ کیسے لے سکتا ہے؟۔ ان کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سندھ حکومت آرٹیکل 140اے کے مطابق ایکٹ میں ترامیم کی پابند ہے، سندھ حکومت ایکٹ میں ترامیم اور حلقہ بندیاں مکمل ہونے تک انتخابات ملتوی کرے اور عدالت عظمی کے یکم فروری کے جاری فیصلے پرعملدرآمد یقینی بنائے، ہم انتخابات کو معطل نہیں بلکہ عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی نے بلدیاتی ایکٹ اپنے مفاد کے لیے متعارف کروایا ہے، شفاف بلدیاتی انتخابات ہی سندھ کے بنیادی مسائل کا حل ہیں۔