میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان پر حملہ، کراچی میں مظاہرین  نے شارع فیصل کے دونوں ٹریک بند کر دیے

عمران خان پر حملہ، کراچی میں مظاہرین نے شارع فیصل کے دونوں ٹریک بند کر دیے

ویب ڈیسک
جمعه, ۴ نومبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پی ٹی آئی کراچی نے احتجاج مارچ کیا ،مارچ کے شرکا کو پولیس نے ریڈ زون میں داخلے سے روک دیا،مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی،پولیس کارروائی سے علاقہ میدان جنگ بن گیا،پولیس نے کئی کارکنان کو حراست میں لے لیا،پولیس نے مظاہرین کو منتشر کردیا،ہنگامہ آرائی اور احتجاج سے شاہراہ فیصل اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا،لاتعداد گاڑیوں سمیت ایمبولینسز پھنس گئیں،شہریوں کو اپنے گھر پہنچنے میں مشکلات ہوئیں،پی ٹی آئی نے مرکزی قیادت کی ہدایت تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پی ٹی آئی نے انصاف ہائوس سے احتجاجی مارچ نکالا ۔ریلی میں پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔مارچ کے شرکا احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ فیصل کے دونوں ٹریکس پر آگئے۔مارچ کے شرکا سے خطاب میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے کہا کہ ہم نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی۔ ہم پرامن احتجاج کررہے ہیں۔احتجاج ہمارا آئینی حق ہے۔ کل ہم نے 16 مقامات پر پر امن احتجاج کیا۔ امپورٹڈحکومت کے دن پورے ہوچکے ہیں۔ کل ہماری ریڈ لائن کراس کی گئی۔رانا ثنا کل کے واقعے کا براہ راست ذمہ دار ہے۔رانا ثنا ٹی وی پر بدمعاش بنا ہوتا ہے۔جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے احتجاج جاری رہے گا۔پی ٹی آئی مارچ کے شرکا نے میٹروپول کی طرف جانے کی کوشش کی تو پولیس نے روکاوٹیں لگا کر سڑک کو بند کردیا۔پی ٹی آئی رہنمائوں اور پولیس میں مذاکرات ناکام ہوگئے۔مارچ کے شرکا جیسے ہی آگے بڑھے تو پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ شروع کردی جس سے بھگدڑ مچ گئی ۔پولیس کے ساتھ پی ٹی آئی کارکنان کا تصادم ہوا ۔پولیس نے کئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے سبب اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی مذمت کی ۔اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی کراچی میں پی ٹی آئی کے احتجاج پر پولیس گردی کی مذمت کی ہے۔پرامن احتجاج پر پولیس گردی کی ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کی غلام پولیس اپنے آقاں کو خوش کرنے میں مصروف ہے۔امپورٹڈ حکومت کی سہولتکار سندھ حکومت غلامی کا قرض اتارنے میں مصروف ہے۔انقلاب سے تخت زردار بھی اب جاتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔سندھ کی غلام پولیس اور غلام وزرا سے حساب ضرور لیں گے، حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آئی جی سندھ نوکری کی بجا بھرپور غلامی پر اتر آئے ہیں۔بعدازاں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کردیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں