27اکتوبر منحوس دن ہے ، مولانا فضل الرحمان تاریخ پرنظر ثانی کریں، شاہ محمود قریشی
شیئر کریں
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعیت علماء اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمان سے آزادی مارچ کی تاریخ پرنظر ثانی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27اکتوبر وہ منحوس دن ہے ، وہ یوم ساہ کا دن ہے جس دن بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا تھا۔ مولانا فضل الرحمان احتجاج کریں لیکن اسے کشمیر کے ساتھ نتھی نہ کریں۔27اکتوبر کوکشمیر کے علاوہ کوئی اور بات ہوتی ہے تو بھارت اسے بڑھا چڑھا کر پیش کرے گا۔ مولانا فضل الرحمان احتجاج کے لئے کسی اور تاریخ کا انتخاب کر لیں۔نجی ٹی وی سے انٹرویو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 27اکتوبر وہ منحوس دن ہے ، وہ یوم ساہ کا دن ہے جس دن بھارت کی افواج نے یلغار کی۔مارچ کیا اور سرینگر پر قبضہ کیا اور مقبوضہ کشمیر کو ناجائز ذرائع سے اپنے ساتھ شامل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے اور دنیا بھر میں کشمیری اس دن کو کشمیر کے ساتھ منسوب کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان قابل احترام ہیں وہ خود کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہ چکے ہیں، وہ 27تاریخ کو آزادی مارچ کرنا چاہتے ہیں، اب 27تاریخ کو وہ اپنا آزادی مارچ کرتے ہیں تو اس سے بھارت کے بیانیہ کو تقویت ملے گی کہ کشمیر کے مسئلہ پر قوم یکجا نہیں ہے ۔آپ 100مخالفت کریں، مارچ کریں ،27تاریخ کو جب آپ کریں گے تو اس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے گا۔کشمیر کے حوالہ سے پارلیمان نے متفقہ قرارداد منظور کی ہے ۔آپ کہتے ہیں کہ ہمارے 100اختلاف ہیں لیکن کشمیر کے مسئلہ پر پوری قوم ایک ہے تو پھر 27 اکتوبر پر نظر ثانی کریں اور کسی اور تاریخ کا انتخاب کر لیں، ابھی آپ کے اپنے حلیف بھی پوری طرح 27تاریخ پر تیار متفق نہیں ہیں، اس سے پاکستان کے اور کشمیر کے کاز کو نقصان پہنچے گا۔میں مولانا فضل الرحمان سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اس تاریخ پر نظر ثانی کریں ، یہ دن کشمیریوں سے منسوب ہے اس میں کسی اور چیز کو شامل نہ کریں ،اگر آپ ایسا کریں گے تو جو یکجہتی کا پیغام کشمیریوں کو دینا چاہتے ہیں وہ منتشر ہو جائے گا اور جو مقصد ہم حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ مقصد حاصل نہیں کر پائیں گے ۔آپ نے سیاست کرنی ہے ، آپ نے مارچ کرنا ہے وہ آپ کے پاس 27کے بعد تاریخیںپڑی ہیں آپ ضرور کیجئے ہمیں اس پر اعتراض نہیں ہے ۔میں بحیثیت جمہوریت پسند ہونے کے آپ کے پر امن احتجاج کے حق کو تسلیم کرتا ہوں، لیکن 27اکتوبر وہ منحوس دن ہے ، وہ یوم سیاہ کا دن ہے جس دن بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا تھا، سرینگر پر مارچ کیا تھا، آپ اپنے مارچ کو سرینگر کے مارچ کے ساتھ کیوں منسوب کرنا چاہتے ہیں۔