وفاقی حکومت کا کراچی، حیدرآباد کے درمیان نئی موٹروے بنانے کا فیصلہ
شیئر کریں
وزیر مواصلات علیم خان کی وفد کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات،ایم 6موٹروے کی تعمیر اور ایم 10 پر بات چیت
حیدرآباد-سکھر ایم-6 موٹر وے کافی عرصے سے نظرانداز کی جارہی ہے، منصوبے پر کام جلد شروع کیا جائے، مراد علی شاہ
وفاقی حکومت نے کراچی اور حیدرآباد کے درمیان نئی موٹروے بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات علیم خان نے اپنے وفد کے ہمراہ کراچی میں وزیراعلی سندھ سے ملاقات کی۔ اس دوران ایم 6موٹروے کی تعمیر اور ایم 10 پر بات چیت کی گئی اور حیدرآباد،سکھر موٹروے پر کام جلد شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایم10 کراچی سے حیدرآباد نئے موٹروے کا منصوبہ ہے جو 168 کلومیٹر طویل ہوگا، نیا ایم-10 موٹروے 10 انٹرچینج پر مشتمل ہوگا جبکہ ایم10موٹروے کے 2حصے ہوں گے، کراچی سے حیدرآباد نئے موٹروے کے سروے کا کام شروع ہوچکا ہے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حیدرآباد-سکھر ایم-6 موٹر وے کافی عرصے سے نظرانداز کیا جارہا ہے، اب وفاقی حکومت نے اس سیکشن کی منظوری دی ہے جس پر جس پر وفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں، منصوبے پر کام جلد شروع کیا جائے تاکہ عوام اور پورٹ ٹریفک کو سہولت ہو۔ وفاقی وزیر علیم خان نے کہا کہ ایم6موٹروے حیدرآباد،سکھر سیکشن 363 بلین روپے کی لاگت سے تعمیر ہورہا ہے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی اس موٹروے کی تعمیر کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم-6 موٹروے کو 4 سیکشنز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں نوشہرو فیروز سے رانی پور، رانی پور سے سکھر، حیدرآباد سے ٹنڈو آدم اور ٹنڈو آدم سے نواب شاہ شامل ہیں۔


