سندھ بلڈنگ، صدر ٹاؤن غیر قانونی تعمیرات کا نیا ٹائم بم
شیئر کریں
ڈائریکٹر راشد ناریجو کی سرپرستی سے آرام باغ میں قانون کا قتل عام
پلاٹ نمبر آر بی 5 پر خلاف ضابطہ بلند و بالا تعمیرات کی کھلی چھوٹ
صدر ٹاؤن کا علاقہ آرام باغ غیر قانونی تعمیرات کے نرغے میں آ گیا ہے ۔ تعمیراتی مافیا نے قانون اور ضابطوں کو پاؤں تلے روندتے ہوئے بلند و بالا غیر قانونی عمارتیں کھڑی کرنی شروع کر دی ہیں۔ RB-5آرام باغ میں جاری تعمیر ان ہی کرپٹ ہتھکنڈوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جرأت سروے ٹیم کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق یہ تمام غیر قانونی سرگرمیاں ڈائریکٹر راشد ناریجو کی براہِ راست سرپرستی کے تحت جاری ہیں۔ مافیا سے بھاری نذرانے لے کر نہ صرف آنکھیں بند کر لی گئیں بلکہ افسران نے خود اس غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ فراہم کیا۔علاقہ مکینوں نے انکشاف کیا کہ بلڈنگ انسپکٹرز روزانہ کی بنیاد پر وصولیاں کرتے ہیں، جبکہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے مافیا کو محفوظ رکھا جاتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ بلند عمارتیں تنگ گلیوں میں "ٹائم بم” کی مانند ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے سانحے سبب بن سکتی ہیں۔سماجی اور عوامی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی حادثے میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا تو اس کا براہِ راست ذمہ دار ڈائریکٹر راشد ناریجو اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسران ہوں گے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے ، غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا جائے اور ملوث افسران کو کڑی سزا دی جائے ، ورنہ صدر ٹاؤن مکمل طور پر غیر قانونی بلند عمارتوں کا قبرستان بن جائے گا۔


