میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پانامہ کے بعد اب اقامہ اسکینڈل سیاسی رہنما پھنس گئے

پانامہ کے بعد اب اقامہ اسکینڈل سیاسی رہنما پھنس گئے

ویب ڈیسک
جمعه, ۴ اگست ۲۰۱۷

شیئر کریں

الیاس احمد
ہم یورپ پرکتنی ہی تنقید کیوں نہ کریں مگریہ ایک حقیقت ہے کہ یورپ کے لوگ ،یورپ کے حکمراں اپنے لوگوں کے لئے منافق نہیں ہوتے وہ اپنے ملک سے سچے ہوتے ہیں ان میں صدیوں پرانی ایک عادت ہے کہ وہ جوبات بھی کرتے ہیں وہ تحریر کردیتے ہیں یہ نہیں کرتے کہ ایک عمل کریں اوراس کوچھپادیں اگردیکھا جائے تواﷲ تبارک وتعالیٰ نے حکمرانوں ،عام انسانوں، کاروبار اوررشتوں کے لئے جواصول اور قوائد بیان فرمائے ہیں یورپ کے لوگ اس پرمکمل عمل کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب عالمی مفکر علامہ ڈاکٹر محمداقبال نے یورپ کا دورہ کیا اورواپس آئے توان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے یورپ میں کیا دیکھا تو انہوں نے برجستہ جواب دیا کہ یورپ میں اسلام دیکھا مگر مسلمان نہیں دیکھا اوربرصغیر میں مسلمان کودیکھا مگریہاں اسلام کونہیں دیکھا۔ واقعی اﷲ تعالیٰ کے احکامات پرغیر مسلم توعمل کرتے ہیں مگرہمیں عمل کرتے ہوئے مصیبت لگتی ہے پیارے پاکستان کے حکمراں توشروع سے ہی سچ بولنے سے عاری ہیں اوروہ کبھی بھی عوام سے سچ نہیں بولتے ان کے بارے میں یورپ کے لوگ سچ بولتے ہیں مگرمجال ہوکہ وہ دوسروں کے بارے میں توچھوڑیں اپنے لئے بھی سچ نہیں بولتے۔ ایسی سینکڑوں داستانیں موجود ہیں جس سے واضع ہوتاہے کہ حکمراں کبھی بھی سچ نہیں بولیں گے یورپی ممالک کے حکمراں ہروقت کوئی نہ کوئی کتاب یا دستاویزمنظر عام پرلاتے ہیں جس سے ہمارے حکمرانوں کے لئے منہ چھپانے کی جگہ بھی نہیں ملتی۔ مگرحکمراں بھی توعقل مند ہیں ان کوپتہ ہے کہ وہ یورپ میں جاکر جوکچھ کریں ان کوکوئی کچھ نہیں کہے گا۔
سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری میں یہ خوبی تھی کہ انہوں نے دہری شہریت پرڈانڈااٹھایاجس کے نتیجے میں درجنوں افسران اور درجنوں سیاستدانوں کی دہری شہریت سامنے آگئی۔ حتیٰ کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ جب وزیرخزانہ تھے توانہوں نے بھی دہری شہریت کے باعث وزارت اوراسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیاتھا مگر پھربھی کئی افسران نے اپنی دہری شہریت بچالی تھی اور جھوٹے حلف نامے جمع کرائے کہ ان کے پاس دوسرے ملک کی شہریت نہیں ہے۔ افتخار محمد چودھری کے بعدجیسے یہ معاملہ ہی ختم ہوا۔ نواز شریف کواس وجہ سے تاحیات نااہل قرار دیاگیا کیونکہ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں اپنے بیٹے کی کمپنی میں ملازمت کی۔ اقامہ لیا اورتنخواہ توجاری ہوئی مگرانہوں نے وصول نہیں کی۔ اس طرح دودرجن سیاستدانوں کے اقامے ظاہر ہوئے ہیں سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ اگرہمارے سیاستدانوں کوسعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات میں اقامے لے کرملازمت کرنی ہے توپھروہ پاکستان میں کیا کررہے ہیں؟ وہ ایک ہاتھ میں دوتربوزے کیوں رکھ رہے ہیں ان کوچاہئے کہ وہ ایک کشتی میں سوار ہوں۔ ملک کی خدمت عزیز ہے تویہیں کے ہوکررہیں اوراگرانہیں دیارغیر سے محبت ہے توپھروہاں جاکرخدمات سرانجام دیں۔ وہ کب تک اس ملک کے عوام کوبے وقوف بنائیں گے ان کے لئے یہی بہتر ہوگا کہ وہ یکطرفہ رہیں اقامے ظاہر ہونے کے بعداعلیٰ عدالتوں کا بھی فرض ہے کہ وہ ایکشن لیں اورایسے تمام سیاستدانوں کونااہل قراردیں کیونکہ ان سیاستدانوں کی وجہ سے ملک کی بدنامی ہورہی ہے۔ آصف علی زرداری کا بھی اقامہ ظاہر ہواہے جس کے لئے فرحت اﷲ بابر نے تردید کی ہے کہ یہ جعلی ہے لیکن یہ سوال ضرور پیدا ہوتاہے کہ اگرآصف زرداری کے پاس اقامہ نہیں ہے تووہ کیوںمتحدہ عرب امارات میں کیسے رہ رہے ہیں۔
اقامہ اسکینڈل اصل میں حکمرانوں کوبے نقاب کرنے کے لئے کافی ہے ان کواگرواپس پاکستان لایاجائے اوران کوپابند بنایا جائے کہ وہ ملک میں آکر سرمایہ کاری کریں تویہ ملک کے لئے بہتر ہوگا ہمارے ملک کے ایک تہائی سیاستدان توصرف نام کے طورپر یہاں کے سیاستدان ہیں لیکن عملی طورپروہ ملک کے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے ماتحت ہیں وہ اپنا سب کچھ بیرون ممالک میں ہی چھوڑ چکے ہیں صرف پاکستان میں وہ سیاست کرکے مال کماتے ہیں اوراسے بیرون ممالک لے جاتے ہیں ان کوپتہ ہے کہ انہیں کوئی کچھ کہنے والا نہیں ہے اقامہ اسکینڈل میں تواب تک صرف دس پندرہ نام سامنے آئے ہیں آگے تودرجنوں نام سامنے آنے والے ہیں مگریہ تحقیقات کون کرے۔
وزیراعظم کی نااہلی کے بعد تووفاقی حکومت کوچاہئے تھا کہ وہ فوری طورپر اعلان کرتی کہ جن سیاستدانوں کے پاس اقامے ہیں ان کے خلاف ایف آئی اے سے تحقیقات کرائی جائے گی تاکہ اس پرسب کوسبق سکھایا جاتا۔ مگروفاقی حکومت یہ تحقیقات اس لئے بھی نہیں کروارہی کیونکہ وفاقی حکومت ایک نئی پریشانی میں پھنس جائے گی وجہ صاف ظاہر ہے کہ مسلم لیگ ن کے اکثر رہنما اقامہ رکھتے ہیں وہ اگرنااہل ہوگئے تومسلم لیگ ن کی سیاست پربرا اثرپڑے گا۔ مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے توحیرت انگیز انکشاف کیاہے کہ حالیہ دنوں میں تین رہنمائوں کے نام نئے وزیرعبوری اعظم کے لئے فائنل کئے گئے لیکن جب پتہ چلا کہ ایک امیدوار کے پاس ایک عرب ملک میں خاکروب کا اقامہ ہے توپھراس امیدوار کوڈراپ کردیاگیا اورشاہد خاقان عباسی کوعبوری وزیراعظم بنادیاگیا ۔ایسے اقامہ والے سیاستدان ہمارے حکمراں بنیں گے توپھر اس ملک اورعوام کی قسمت کیا جاگے گی؟ حکومت بھی اقامہ والے سیاستدانوں کے خلاف کارروائی میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔ اب توسیاست میں نیا ٹرینڈ پیدا ہوا ہے کہ پاکستان میں سیاست کریں کرپشن کریں اوریہاں سے کروڑوں اربوں روپے باہرلے جائیں کاروبار بیرون ممالک میں کریں اپنی اولادوں کووہاں سیٹ کریں اور پھرجب جی چاہے اپنی اولادوں کوپاکستان کی سیاست کرائیں۔ اقامہ سیاست پر بھی اب توعوام کی نظریں عدلیہ پرہی مرکوز ہیں کیونکہ اعلیٰ عدالتیں ہی عوام کی لوٹی ہوئی رقومات کوواپس دلاسکتی ہیں عوام صرف تماشہ دیکھ رہے ہیں جبکہ کروڑوں اربوں روپے لوٹنے والے سیاستدان ہردفعہ کچھ لو،کچھ دوکافارمولا استعمال کرکے بچ جاتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں