نائیجیریا، مسلح افراد اور سکیورٹی فورسز میں جھڑپیں، 50 افراد ہلاک
شیئر کریں
نائیجیریا کی شمالی ریاست کاٹسینا میں مسلح افراد اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 50 افراد ہلاک ہو گئے، یہ تازہ ترین جھڑپیں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات سے قبل ہوئی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کٹسینا پولیس کے ترجمان نے کہا کہ ایک مسلح گینگ جو مقامی طور پر بینڈٹس کے نام سے جانا جاتا ہے نے کاٹسینا کے باکوری مقامی حکومت کے علاقے کے ایک گاؤں پر حملہ کیا جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔ ترجمان نے بتایا کہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ایک مشترکہ سکیورٹی آپریشن فی الحال جاری رکھا جائے گا۔ دو سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ مرنے والوں کی تعداد 50 ہے جن کی لاشیں جھاڑیوں سے برآمد کی گئیں، جھڑپوں میں زخمی ہونے والوں کو کنکرا ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ نائیجیریا کی شمالی ریاست کاٹسینا ان ریاستوں میں سے ایک ہے جو مسلح گروہوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، مسلح گروہ دور دراز علاقوں کے دیہاتوں میں مقیم لوگوں پر حملہ کر کے ان ہی کو اغوا کر لیتے ہیں۔