میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی ٹی آئی سنبھل کر حکومت کرے ان کے غلط فیصلوں سے ہمارا نقصان ہوتا ہے ،چوہدری پرویز الٰہی

پی ٹی آئی سنبھل کر حکومت کرے ان کے غلط فیصلوں سے ہمارا نقصان ہوتا ہے ،چوہدری پرویز الٰہی

ویب ڈیسک
منگل, ۴ فروری ۲۰۲۰

شیئر کریں

ق لیگ کے رہنما اسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سنبھل کر حکومت کرے ان کے غلط فیصلوں سے ہمارا نقصان ہوتا ہے ،پونے دو سال سے پنجاب تجربوں کی زد میں ہے ان کی ناتجربہ کاری سے ہونے والے نقصان کی زد میںہم بھی آئیں گے ،مجھے اسپیکر بننے کا کوئی شوق نہیں تھا ہم لینے کی بات نہیں کررہے بلکہ کہہ رہے ہیں لے لو جو لینا ہے ۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چیف سیکرٹری اور آئی جی کی تبدیلی سے ہمیںفرق نہیں پڑتا ۔ مشورے لے کربازار میںپھرنا ہمارا کام نہیں۔حکومت اتحادیوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کے دھرنے سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ۔ ہم تو قادری اور عمران خان کی صلح کرانے جاتے تھے ۔ ڈیڑھ سال میں کوئی 3دفعہ وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ۔ پرویز الٰہی نے کہاکہ پہلے موجودہ معاملات تو طے ہوں لوکل باڈی کے الیکشن میں اتحاد بعد کی بات ہے ۔ ہمیں وزارتوں کی ضرورت نہیں لیکن اپنا حق نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جہانگیر ترین کی سربراہی میںکمیٹی سے 4میٹنگزہوئیں۔ اس وقت جو معاملات طے ہوئے ان پر عملدرآمد شروع ہوگیاتھا ۔ نئی کمیٹی بنتے ہی سب رک گیا ۔ ہمارے علاقوں کے لئے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی گئی تھی ۔ ہمارے اراکین اسمبلی نے اپنے علاقوں میں اسکیموں کا اعلان کردیا تھا لیکن سارے فنڈ رک گئے ۔ عملدرآمد شروع ہونے کے بعد کمیٹی میںتبدیلی حیران کن ہے ۔اب تک ہم خود کو سوتن سمجھ رہے ہیں ۔ عمران خان دیکھیں کہ وہ کون ہیں جو معاملات روک رہے ہیں ۔ پرویز الٰہی نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کا دھرنا ختم کرانے کا کریڈٹ دینے کی بجائے ڈس کریڈٹ دیا گیا ۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیں پہلے وزارت اعلیٰ کی آفر کی تھی اب خاموش ہے سیاست میں ون ڈے ٹیسٹ نہیںہوتے سیریز چلتی ہے ۔ہم چاہتے تھے وزیراعظم سے تعلقات بڑھائیں سیاست میں اتحادی تعلقات اور باہم مشورے سے چلتی ہیں۔ ہم لینے دینے کی بات نہیں کررہے ہم تو کہتے ہیں کسی اورکو رکھ لیں اللہ کے فضل سے ہمیں کوئی ضرورت نہیں۔ ہم ان کی طرف سے کوئی فیور نہیں لینا چاہتے ۔ شریفوں سے ہمارا یہی جھگڑا تھا کہ جو طے کرتے تھے اس سے مکر جاتے تھے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں