میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے،شوکت ترین

آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے،شوکت ترین

ویب ڈیسک
اتوار, ۳ اکتوبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ مہنگائی کم کرنے اور لوگوں کی آمدن بڑھانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں ،گورنر اسٹیٹ بینک ڈالر کو مستحکم رکھیں گے ، آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک نجی ٹی وی انٹرویو میںوزیر خزانہ نے کہاکہ غربت پاکستان کا دیرینہ مسئلہ ہے کورونا وباء کے اثرات ابھی بھی ہیں جس کی وجہ سے غربت مزید بڑھی ہے، وزیراعظم کو کورونا وباء کے اثرات کم کرنے کا کریڈٹ دیتا ہوں ، غربت کے گراف میں اتار چڑھائو ہے 20فیصد کبھی 38 فیصد پر چلی جاتی ہے ۔ غربت کم کرنے کا واحد حل یہی ہے کہ ہم اپنی معیشت کو واپس 7 سے 8فیصد تک لے کر جائیں تاکہ لوگوں کی آمدن بڑھے ہم 72 سالوں سے لوگوں کو یہی خواب دکھارہے ہیں کہ معیشت ترقی کرے گی اور آپ کے حالات بہتر ہوں گے۔ احساس پروگرام ابھی 6 ملین لوگوں تک کام کررہا ہے احساس پروگرام کورونا وباء میں 15 ملین لوگوں تک چلا گیا تھا۔ہم لوگوں کو مچھلی دے رہے ہیں مچھلی پکڑنا نہیں سکھارہے۔ بہتر یہی ہے کہ ہم لوگوں کو خود روزگار کرنے کا موقع دیں ۔ کل پیر سے شروع ہونے والے کامیاب پاکستان پروگرام کے ذریعے 6ملین غریب لوگوں کی 3 سال کیلئے سود کے بغیر قرضہ دیں گے۔غریب کسانوںکوہر فصل کیلئے ڈیڑھ لاکھ سود سے پاک قرضہ دیں گے تاکہ وہ اپنے پائوں پر کھڑے ہوجائیں جبکہ گھروں کیلئے5 سال تک شرح سود کے بغیر قرض دیں گے۔ رواں ماہ سے عام آدمی کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈیز دیں گے ٹارگٹڈ سبسڈیز سے لوئر مڈل کلاس بھی فائدہ اٹھائے گی۔ ٹارگٹڈ سبسڈیز کیلئے 125 بلین روپے تک رکھے جائیں گے لوگوں کو تکنیکی تربیت کیلئے بھی پروگرام شروع کررہے ہیں ۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ عام آدمی اس وقت یقیناً دبائو میں ہے لوگوں کی انکم بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ایمرجنسی بنیادوں پر اپنی برآمدات کو بڑھانا ہے برآمدات نہیں بڑھائیں گے تو گروتھ 6 سے 8فیصد پر نہیں جائے گی ،برآمدات نہ بڑھنے کی وجہ سے ڈالر پر بھی اثر پڑتا ہے ۔ ٹیکسٹائل کی برآمد رواں سال 15 ملین ڈالر ہوئی ہے جو انشاء اللہ آئندہ سال 20ملین ڈالر تک جائے گی اس وقت برآمد ہماری گروتھ کی صرف 9فیصد ہے جسے بڑھانا ہے۔ بجٹ میں تھا کہ ہماری درآمد70 ملین ڈالر اور برآمد تقریباً 40 ملین ڈالر تک ہوں گی ۔ ہمارا خیال ہے درآمدات 75 ملین ڈالر تک جائیں گی ۔ افغانستان ہمارا 15 ملین ڈالر کیش روزانہ کی بنیاد پر جارہا ہے 10ہزار لوگ روزانہ کی بنیاد پر افغانستان آرہے ہیں اور جارہے ہیں۔ اسمگلنگ روکنے کیلئے افغانستان کے ساتھ حد ایک ہزار ڈالر مقرر کردیں گے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں