کراچی ، ڈاکوئوں کی فائرنگ سے 2 شہری جاں بحق
شیئر کریں
کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں مزید دو شہری جان سے گئے اور رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 85 ہوگئی۔کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 13 میں دو ڈاکو گیس سلنڈر کی دکان پر آئے، اسلحہ کے زور پر وہاں موجود شہریوں سے موبائل فون اور نقدی چھینی اور فرار ہونے لگے۔اس دوران علاقہ مکینوں نے ڈاکوؤں پر پتھراؤ اور پیچھا کیا تو انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے 50سالہ یوسف علی اور عابد حسین شدید زخمی ہوگئے۔ دونوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں عابد حسین نے دم توڑ دیا۔دوسری واردات نیو کراچی سیکٹر الیون ای میں ہوئی۔ محمد نذیر جمعے کی نماز کیلئے مسجد میں تھا کہ ڈکیتی کی واردات کا شور سنائی دیا، نذیر دیکھنے کیلئے مسجد سے نکلا ہی تھا کہ ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی۔سر میں گولی لگنے سے نذیر موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ نذیر گدھا گاڑی چلاتا تھا اور گھر کا واحد کفیل تھا جبکہ اس کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔رواں سال کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 85 شہری اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔