میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ناجائز منافع خوری میں ہلٹن اور انڈس فارما کا مقابلہ جاری، ڈریپ کی پراسرار خاموشی

ناجائز منافع خوری میں ہلٹن اور انڈس فارما کا مقابلہ جاری، ڈریپ کی پراسرار خاموشی

ویب ڈیسک
پیر, ۳ جون ۲۰۱۹

شیئر کریں

(جرأت انوسٹی گیشن سیل)ہم میں سے اکثر نے ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر چلنے والے ادویات کے اشتہار کو لازمی طور پر دیکھا اور سنا ہوگا۔ڈسپرین، پیراسٹامول اور دیگر ادویات کے اشتہار میں ایک انتباہی پیغام دیا جاتا ہے ’تما م ادویات بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں‘ طبیعت زیادہ خراب ہونے کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کریں‘، لیکن اگراس جملے کو ادویہ ساز اداروں اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے ’تعلقات‘ بیان کرنے کے لیے لکھا جائے تو یہ کچھ اس طرح ہوگا’تمام ادویات مریضوں کی پہنچ سے دور رکھیں، زائد منافع کمانے کے لیے ڈریپ سے رجوع کریں‘۔ ایک دوسرے سے ’متصادم مفادات‘ کے باوجود ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اورادویہ ساز ادارے شیر و شکر دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے باہمی تعلقات کا اندازااس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ کسی صوبائی یا وفاقی ڈرگ انسپکٹر یا ڈریپ کے کسی افسر کے گھر میں تقریب ہو تو اس میں قریبی رشتہ دار شریک ہوں یا نہ ہوں، ادویہ ساز اداروں کے مالکان یا ان کے نمائندے ان تقریبات میں ’قیمتی‘ تحائف کے ساتھ ضرور شرکت کرتے ہیں۔ چور اور سپاہی کے اس کھیل میں چور، سپاہی اور سپاہی، چور بن چکا ہے، لیکن مفادات کا یہ کھیل کس طرح لاکھوں مریضوں کو مالی اور جانی نقصان سے دوچار کر رہا ہے اس کا اندازالگانا کسی طور ممکن نہیں۔دنیا بھر میں ادویہ ساز اداروں کی مانیٹرنگ کے لیے قائم اتھارٹیز اپنے مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام تک معیاری اور سستی ادویات کی فراہمی کو یقینی بناتی ہیں، لیکن پاکستان میں کسی مافیا کی طرز پر چلنے والی ادویہ سازی کی صنعت اپنی مرضی کی بادشاہ اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اس کے سامنے زر خرید غلام کی طرح ہاتھ باندھے کھڑی ہے۔


فارما سیوٹیکلز مافیا کسی دو دھاری تلوار کی طرح ایک طرف منی لانڈرنگ جیسے قبیح فعل سے قومی خزانے پر وار کرتی ہے تو دوسری جانب ادویات کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت مقرر کرواکے عوام کی جیبیں کاٹتی ہے


پاکستان کی فارماسیوٹیکل مافیا نے ناجائز منافع خوری کی تمام حدیں پار کردی ہیں۔ جس کی تازہ مثال رواں سال جنوری میں ادویات کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ ہے، یہ تو وہ معاملہ ہے جو عوام کے سامنے آگیا۔لیکن اگر ادویات کی قیمتوں کے پس منظر میں ان اداروں کے ’کردار‘ پر نظر ڈالی جائے تو ڈریپ اور فارما سیوٹیکلز مافیا کا بدصورت چہرہ مزید کریہہ ہوجاتا ہے۔
فارما سیوٹیکلز مافیا کسی دو دھاری تلوار کی طرح ایک طرف منی لانڈرنگ جیسے قبیح فعل سے قومی خزانے پر وار کرتی ہے تو دوسری جانب ادویات کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت مقرر کرواکے عوام کی جیبیں کاٹتی ہے۔ ادویہ ساز کمپنیاں قیمتوں میں اضافے کی ذمہ داربین الاقوامی مارکیٹ میں خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمت کو قرار دیتی ہیں، لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ زاہد سعید کی انڈس فارما ہو یا سرداریاسین کی ہلٹن فارما یہ سب ادویات کی قیمتوں پر زیادہ سے زیادہ منافع کمانے میں ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں۔ پاکستان کی اسی فیصد فارما کمپنیاں ادویات میں استعمال ہونے والے موثر جز اور دیگر موادبھارت اور چین سے درآمد کروارہی ہیں، لیکن ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے ڈائریکٹر پرائسنگ اور کاسٹنگ امان اللہ اس خام مال سے بننے والی ادویات کی قیمتوں کا تعین امریکا، جاپان، روس اور جرمنی سے درآمد ہونے والے خام مال کی قیمتوں کے مطابق طے کرتے ہیں۔


ہلٹن اور انڈس فارما جان بچانے والی ادویات سے سالانہ کروڑوں روپے کا اضافی منافع کما رہی ہیں، جبکہ ایک ہی کمپنی سے درآمد ہ خام مال سے بننے والی دوا کو دیگر ادویہ ساز ادارے کئی گنا کم قیمت پر فروخت کررہے ہیں


ناجائز منافع خوری کی اس دوڑ میں بھارت نواز کمپنی انڈس کے مالک زاہد سعید اور منی لانڈرنگ سے کمائے گئے کالے دھن کو سماجی خدمات کے رنگ سے سفید کرنے میں کوشاں کمپنی ہلٹن فارما کے سردار یاسین پیش پیش ہیں۔ یہ دونوں کمپنیاں جان بچانے والی ادویات سے سالانہ کروڑوں روپے کا اضافی منافع کما رہی ہیں، جب کہ ایک ہی کمپنی سے درآمد کیے جانے والے اس خام مال سے بننے والی دوا کو دیگر ادویہ ساز ادارے کئی گنا کم قیمت پر فروخت کررہے ہیں۔ یہ دونوں کمپنیاں اپنی دافع تشویش ادویا ت کی تیاری میں استعمال ہونے والے موثر جُز Telmisartan کو ایک ہی چینی کمپنی JIANGSU ZHONGBANG فارما سیوٹکس سے درآمد کروا رہی ہیں۔ ناجائز منافع خوری کی اس دوڑ میں انڈس فارما ہلٹن سے چند قدم آگے ہے۔جبکہ ان کے علاوہ بوش فارما، ہائی نون لیباریٹریز فارم ایوو اور دیگر کمپنیاں بھی اسی چینی کمپنی سے یہی خام مال کم قیمت پر درآمد کروا رہی ہے(ان کمپنیوں کا درآمدی ریکارڈ آئندہ شمارے میں شائع کیا جائے گا)۔اس معاملے کا سب سے سنگین پہلو یہ ہے کہ یہ سارا عمل کھلے عام ہورہا ہے، مگر درآمدہ خام مال کے معیار سے لے کر یکساں خام مال سے بنائے جانے والی ادویات کی قیمتوں میں واضح فرق کی نگرانی کا کوئی نظام کام نہیں کررہا۔
ہلٹن فارما Co-Telsan 80mg/12.5ملی گرام کے 14گولیوں کے پیکٹ کو 460روپے اور 40mg/12.5 ملی گرام کے 14گولیوں کے پیکٹ کو 300روپے کی خوردہ قیمت پر فروخت کر رہی ہے۔ ہلٹن فارما Telsan اسی ملی گرام کے دس گولیوں کے پیکٹ کو 460روپے، چالیس ملی گرام کے دس گولیوں کے پیکٹ کو 300روپے اور بیس ملی گرام کے دس گولیوں کے پیکٹ کو 128روپے میں فروخت کر رہی ہے۔ انڈس فارما موثر جُزTelmisartan سے تیار ہونے والی اپنی دوا Misartan-H 40mg/12.5کے14گولیوں کے پیکٹ کو ہلٹن سے بھی زائد قیمت 338روپے18پیسے پر فروخت کر رہی ہے۔انڈس فارما Misartanبیس ملی گرام کے دس گولیوں کے پیکٹ کو 139روپے63پیسے اورMisartanچالیس ملی گرام کے دس گولیوں کے پیکٹ کو 233روپے45پیسے کے حساب سے بیچ رہی ہے۔ کثیر القومی کمپنی فائزر پارک ڈیوسTelmisartanسے بننے والی اپنی دوا کو ان دونوں مقامی کمپنیوں سے کہیں زیادہ کم قیمت پر فروخت کر رہی ہے۔ فائزر Pressurexکے نام سے مارکیٹ کی جانے والی اپنی دوا کے چالیس ملی گرام کے دس گولیوں کے پیکٹ کو214روپے اور بیس ملی گرام کے دس گولیوں کے پیکٹ 128روپے میں فروخت کر رہی ہے۔ چینی کمپنی JIANGSU ZHONGBANGفارما سیوٹک سے Telmisartanدرآمد کروانے والی مقامی کمپنی نبی قاسم انڈسٹریزNormisarکے نام سے بننے والی دواکے اسی ملی گرام کے دس گولیوں کے پیکٹ کو 270 روپے،چالیس ملی گرام دس گولیوں کے پیکٹ کو 150روپے،بیس ملی گرام کے دس گولیوں کے پیکٹ کو 99 روپے میں فروخت کر رہی ہے۔ ایک ہی کمپنی سے درآمد ہونے والے خام سے تیار ہونیوالی ادویات کی قیمتوں میں واضح فرق زاہد سعید اور سردار یاسین کی ناجائز منافع خوری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لیکن ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان فارما سیوٹیکلز مینو فیکچرر ایسوسی ایشن کے چیئر مین زاہد سعید اور سردار یاسین کو ادویات کی قیمتوں میں کمی کرنے کے احکامات صادر کرنے کے بجائے ان سے مال بٹورنے میں مصروف ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے شعبہ برائے کاسٹنگ اینڈ پرائسنگ کی ملی بھگت سے ہلٹن، انڈس جیسی ادویہ ساز کمپنیاں بین الاقوامی مارکیٹ میں نہایت ارزاں قیمتوں پر ملنے والے خام مال سے بننے والی ادویات کی قیمتوں پر کئی سو فیصد زائد منافع کما کر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہیں۔
JIANGSU ZHONGBANGفارما سیوٹک سے Telmisartanدرآمد کروانے والی کمپنیوں کا درآمدی ریکارڈ اور انوائسز میں قیمتوں کے فرق پر مبنی رپورٹ بعد ازعید شایع کی جائے گی۔(جاری ہے)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں