جماعت اسلامی کا وزیراعلیٰ ہاؤس تک ’حقوق کراچی مارچ
شیئر کریں
‘
مارچ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب پہنچا تو پولیس نے شرکا کو روک لیا، راستے کنٹینرز سے بند
پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کراچی کی تباہی کے ذمہ دار، کراچی پر قابض مئیر مسلط ہے ، خطاب
جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے کراچی پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک ’حقوق کراچی مارچ ‘ کیا گیا، رکاوٹوں کے باوجود کارکنان نے بڑی تعداد میں شر کت کی، شرکا سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو کراچی کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیا۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے کراچی پریس کلب سے وزیر اعلیٰ ہاؤس تک حقوق کراچی مارچ کیا گیا، مارچ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب پہنچا تو پولیس نے شرکا کو روک لیا، جبکہ وزیر اعلی ہاؤس جانے والے راستوں کو پہلے ہی کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا تھا۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ کراچی کو ڈبونے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے کرپشن اور لوٹ مار کی، کراچی پر اس وقت قابض مئیر مسلط ہے ،کراچی کے عوام کو وزیر اعلی ہاؤس پہنچنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے ’حقوق کراچی مارچ ‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کو وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اہل کراچی نے ثابت کردیا کہ کراچی جاگ رہا ہے ۔منعم ظفر نے کہا کہ کراچی کو ڈبونے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے کرپشن اور لوٹ مار کی، کراچی پر اس وقت قابض مئیر مسلط ہے ، جعلی طریقے سے مسلط ہونے والے اقتدار کے مزے لے رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ذہنیت کراچی دشمنی کی ہے ، کراچی کا مستقبل جماعت اسلامی سے وابستہ ہے ۔قبل ازیں آج جماعت اسلامی کے ’حقوق کراچی مارچ ‘ کے لیے پریس کلب آنے والے کارکنان کو رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا، وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے والے راستوں کوکنٹینرلگاکربند کردیاگیا اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔اس صورتحال میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے جماعت اسلامی کراچی کے ایکس اکاؤنٹ پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں اہل کراچی سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے حق کے لیے گھروں سے نکلیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے بعد کراچی کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی اور انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے ، بجلی کا ادارہ اہل کراچی کے لیے اذیت کا باعث بن رہا ہے ، کراچی کے شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی نہیں ہے ۔منعم ظفر نے شہریوں سے ‘ حقوق کراچی مارچ ‘ میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے کہا کہ راستے میں کھڑی کی گئی رکاوٹیں ہٹائی جائیں۔جماعت اسلامی کراچی کے رہنما محمد فاروق نے کہا کہ مارچ ہر صورت ہوگا،رکاوٹیں ہٹا دیں گے ، انہوں نے کہا کہ میری ریلی کو شارع فیصل ایف ٹی سی کے مقام پر روک لیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے کارکنوں کودھکے دیے ،پرامن احتجاج پرتشدد کی کوشش کی، وزیراعلیٰ ہاؤس بادشاہ کامحل نہیں جہاں عوام نہ جاسکیں۔قبل ازیں جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد پریس کلب پہنچنے میں کامیاب ہوگئی جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے ۔


