ندی نالوں پر تجاوزات کیخلاف بڑے آپریشن کا فیصلہ تیاریاں مکمل
شیئر کریں
شہر قائد میں ندی نالوں پر تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا، اس سلسلے میں تیاریاں بھی مکمل ہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہر مرتبہ بارشوں کے بعد ندی نالوں کے اطراف تباہی پھیلتی ہے، اس حوالے سے ندی نالوں پر تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔متعلقہ اداروں نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لیں، آپریشن میں پاک فوج اور رینجرز کی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی، شہری انتظامیہ کے نمائندے آپریشن میں شریک ہوں گے۔12 مقامات پر گرینڈ آپریشن کے ذریعے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، گجر نالے کے 3، لیاری ندی کے 2 مقامات پر آپریشن ہوگا، اورنگی نالے کے 3، ملیر ندی میں 2 مقامات پر آپریشن ہوگا، جب کہ محمود آباد نالے کے اطراف 2 مقامات پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔اس اینٹی انکروچمنٹ ڈرائیو کی نگرانی متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کریں گے، گرینڈ آپریشن کے لیے 12 ایکسکویٹرز بھی منگوا لیے گئے، جن کے ساتھ جیک ہیمر بھی ہوں گے۔آپریشن کے دوران ندی نالوں کے دونوں اطراف 30 فٹ کی جگہ کلیئر کی جائے گی، تجاوزات پر رہائش پذیر افراد کے لیے عارضی کیمپس بنائے جائیں گے، آپریشن کے سلسلے میں اینٹی انکروچمنٹ کی سندھ بھر سے اضافی نفری بھی کراچی پہنچ گئی ہے۔