الیکشن کمیشن نے حکومت سے عام انتخابات کے لیے اضافی 14ارب روپے مانگ لیے
شیئر کریں
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکومت سے عام انتخابات کے لیے اضافی 14 ارب روپے مانگ لیے۔ جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے عام اور قومی اسمبلی کی 93 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے وزارت خزانہ سے20 ارب روپے فوری جاری کرنے درخواست کی ہے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان عمر حمید خان کی جانب سے وزارت خزانہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کروانے کے لیے الیکشن کمیشن کے لئے 47 ارب 41 کروڑ 7 لاکھ روپے کے فنڈز منظور کیے گئے ہیں جن میں سے رواں سال 25 ارب روپے جاری ہونے ہیں۔ پنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلیوں کے عام انتخابات 90 روزاور قومی اسمبلی کی 93 نشستوں پر60 روز کے اندر ضمنی الیکشن کے لیے 25 ارب روپے درکار ہیں جن میں سے پانچ ارب روپے الیکشن کمیشن کو موصول ہو گئے جبکہ باقی درکار 20 ارب روپے بھی فوری طور پر جاری کیے جائیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئین کی مختلف شقوں اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 219 کے تحت ملک میں عام انتخابات کروانے کا پابند ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اوپر بیان کیے گئے حقائق کی روشنی میں آئندہ عام انتخابات کے لیے اخراجات کاتخمینہ 47 ارب روپے سے بڑھ کر 61 ارب 80 کروڑ 5 لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مختلف مرحلوں میں عام انتخابات کروانے کے لیے 14 ارب 38 کروڑ 8 لاکھ روپے سے زائد کی اضافی رقم درکار ہو گی۔