سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والوں کو جینے نہیں دیں گے، مراد علی شاہ
شیئر کریں
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والوں کو جینے نہیں دیں گے، 15 جنوری کو بلدیاتی الیکشن کے لیے تیار ہیں، انتظامی امور کے لیے الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے ،ٹھٹھہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لیے 15 جنوری کی تاریخ دی ہے، بلدیاتی الیکشن کے لیے ہم ہمیشہ تیار ہیں، بلدیاتی الیکشن میں امن و امان قائم رکھنا مشکل ہوتا ہے، ہم انتظامی امور کے لیے الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہوئے اکیس لاکھ گھر اب بھی تباہ حال ہیں ، متاثرین ٹینٹوں میں رہ رہے ہیں، متاثرین کو دوبارہ آباد کرنے میں کوشاں ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب نے کراچی کی بہتری کے لیے کام کیا ہے، سیاسی آدمی ہٹانے کے مطالبے کی وجہ سے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے پرسرکاری افسر لگایا ہے۔پی ٹی آئی پر تنقیدکرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، یہ صرف اپنی خواہش پوری کرنے کے لیے سب کر رہے ہیں، لوگوں سے ووٹ لیتے ہیں پھر اسمبلی توڑنے کی بات کرتے ہیں، تنخواہیں لے رہے ہیں لیکن قومی اسمبلی میں نہیں جاتے۔