روس سے سستے داموں پیٹرول اور ڈیزل لینے کی تیاری
شیئر کریں
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس کا دورہ امیدوں سے زیادہ کامیاب رہا ،وہ ہمیں سستے نرخوں پر پیٹرول، ڈیزل اور خام تیل فراہم کریگا،روس میں نجی کمپنیوں اور سرکاری ایل این جی کارخانوں سے بات چیت شروع ہو گئی ہے،نئے کارخانوں سے ایل این جی کے نئے معاہدے کریں گے،ملک کو زراعت میں خودکفیل ہونا ہو گا، کارخانوں کی چمنیوں سے ہر وقت دھواں نکلنا چاہیے اس سے روزگار ملتا ہے، وزیراعظم کے مطابق چاہتا ہوں ہر نوجوان کو نوکری ملے، معیشت بڑھے گی تو نوکری ملے گی، ملک کی معیشت کو 7 فیصد تک آگے بڑھانا ہو گا۔پیر کو اپنے دورہ روس کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ روس کا دورہ توقع سے زیادہ کامیاب رہا، انہوں نے کہا کہ اگر ملک نے ترقی کرنی ہے تو ہمیں ہر سال اپنی توانائی کی فراہمی 8 سے 10 فیصد بڑھانا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی توانائی کو بڑھانا ہے، ہمیں اپنے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہے اور اس کے لیے توانائی کی ضرورت ہے، اسی سلسلے میں روس کا دورہ کیا، روس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہمیں عالمی دنیا میں دی جانے والی رعایت کیبرابر یا اس سے زیادہ رعایت دے گا۔وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے کہا کہ روس نے ہمیں رعایتی نرخوں پر خام تیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، خام تیل کے علاوہ روس پاکستان کو پیٹرول اور ڈیزل بھی کم قیمت پر فراہم کرے گا۔مصدق ملک نے کہا کہ ہم ملک کے مفاد کو سامنے رکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں،دوسری جانب اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے روس سے ایک لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔