میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
زمینوں پر قبضے ، دھمکیاں،صائمہ بلڈر  کے مالک ذیشان ذکی کو نوٹس جاری

زمینوں پر قبضے ، دھمکیاں،صائمہ بلڈر کے مالک ذیشان ذکی کو نوٹس جاری

ویب ڈیسک
پیر, ۵ دسمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

(خصوصی رپورٹ) صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کی جانب سے مڈ ٹاؤن منصوبے کیلئے زمینوں پر قبضے اور دھمکیاں دینے کے خلاف دائر درخواست پر عدالت نے ذیشان سلیم ذکی سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیے ہیں کچھ ماہ قبل صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے مالک ذیشان سلیم ذکی نے ایم نائن موٹروے پر سری انٹر چینج کے ساتھ مڈ ٹاؤن نامی اسکیم کا آغاز کیا تھا، مذکورہ اسکیم میں ریونیو ریکارڈ میں ہیراپھیری، سرکاری و نجی زمینوں پر قبضوں اور مقامی لوگوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے جھوٹے کیسز دائر کرنے کے واقعات سامنے آئے تھے۔ اس سلسلے میں کوہستان کے گاؤں گلاب پالاری کے رہائشیوں حیدر بخش و دیگر نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جامشورو کی عدالت میں تحفظ کیلئے 22 اے کی درخواست جمع کرائی تھی ۔ درخواست گزاروں نے ایس ایس پی جامشورو، ایس ایچ او نوری آباد، صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے مالک ذیشان سلیم ذکی ،در محمد اور تماچی پالاری کو فریق بنا کر موقف اختیار کیا ہے کہ ان کی دیھہ ہتل بت میں 18 ایکڑ 7 گُھنٹے بارانی زمین ہے جسے وہ کاشت کرتا تھا اور مویشی پالنے کیلئے بھی استعمال کرتا تھا۔ صائمہ گروپ آف کراچی نے پانچ ماہ قبل سری انٹر چینج کے قریب مڈ ٹاؤن نامی پراجیکٹ کا آغاز کیا اور سرکاری زمین پر بھی قبضہ کرکے تعمیرات شروع کردیں، قبضے کو بڑھانے اور نجی زمینوں کو مذکورہ پراجیکٹ میں شامل کرنے کیلئے مسلح سیکورٹی گارڈز اور لوکل لینڈ مافیا کا استعمال کیا، لوکل لینڈ مافیا کے کارندوں نے اس پر زمین فروخت کرنے کیلئے دباؤ ڈالا اور انکار کی صورت میں نتائج بھگتنے کی سنگین دھمکیاںدیں، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بھی ایجنٹ پہنچے اور دھمکیاں دیں، وہ جھوٹے کیسز دائر کرنے سمیت سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، انہوں نے عدالت سے تحفظ کی درخواست کرتے ہوئے استدعا کی کہ انہیں کسی بھی قسم کی جھوٹی اور بے بنیاد ایف آئی آر یا شکایت کی صورت میں در محمد اور اس کے ایجنٹس سے تحفظ دیا جائے ، ذیشان سلیم ذکی کی جانب سے درخواست گزاروں کے خلاف ایف آئی آر عدالت کی حکم سے مشروط کی جائی، مذکورہ درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج دو کی عدالت نے ایس ایس پی جامشورو، ایس پی شکایتی سیل، صائمہ گروپ کے مالک ذیشان سلیم ذکی ، در محمد پالاری اور تماچیء پالاری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 دسمبر کو جواب طلب کرلیا ہے ۔ دوسری جانب روزنامہ جرأت سے بات کرتے ہوئے علاقے کے رہائشیوں نے بتایا کہ مڈ ٹاؤن کی منصوبے کیلئے سرکاری و نجی زمینوں، پانی کی قدرتی رستوں اور مویشیوں کے چراگاہوں پر قبضے کرنے کا سلسلہ جاری ہے ، صائمہ بلڈرز کے مسلح گارڈ ساری رات فائرنگ کرکے رہائشیوں کو ہراساں کرتے رہتے ہیں، پولیس بھی بلڈرز کے ساتھ ملی ہوئی ہے ، ان کی زمینوں پر قبضے یا اونے پونے داموں خریدنے کے لیے دباؤ پیدا کررہے ہیں۔ جھوٹے کیسز دائر کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں تاہم وہ اس لینڈ مافیا کے خلاف ہر قانونی و آئینی محاذ پر مزاحمت کرینگے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں