پنڈی ٹیسٹ میں رنز کا انبار، بابر نے بھی سنچری داغ دی
شیئر کریں
راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں عبد اللہ اور امام الحق کے بعد بابر اعظم نے بھی سنچری بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 181 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے کیا، امام الحق 90 اور عبداللہ شفیق 89 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ عبد اللہ شفیق نے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنے کیرئیر کی تیسری سنچری مکمل کی جبکہ امام الحق نے بھی 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنے کیرئیر کی تیسری سنچری اسکور کی۔ پاکستان کو پہلا نقصان 225 رنز پر ہوا جب عبد اللہ شفیق 114 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ 245 کے مجموعے پر امام الحق بھی 121 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اظہر علی 27 رنز بنا کر لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم نے 126 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنے کیرئیر کی آٹھویں سنچری اسکور کی۔