فنڈز منتقلی کیس، شہزاد اکبر وطن نہ بھی آئے تو ریفرنس دائر ہو جائے گا، نیب ذرائع
شیئر کریں
نیب ذرائع نے کہا ہے کہ سابق معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر وطن واپس نہ بھی آئے تو ریفرنس دائر ہو جائے گا۔ برطانیہ سے ریکور فنڈز کی بحریہ ٹاؤن منتقلی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، نیب نے فیصل واوڈا کے علاوہ کچھ مزید سابق وزرا کے بیان ریکارڈ کر لیے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق نیب کو 3 دسمبر 2019 کی کابینہ میٹنگ سے متعلق متعدد گواہیاں مل گئی ہیں، ان بیانات کی روشنی میں شہزاد اکبر و دیگر کے خلاف کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ سابق معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے کافی بیانات و شواہد موجود ہیں، شہزاد اکبر وطن واپس نہ بھی آئے تو ریفرنس دائر ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سابق معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کابینہ میں کیا بریفنگ دی، کیسے ریکارڈ سِیل ہوا، میٹنگ کا احوال سابق وزیر اعظم عمران خان کے سابق اتحادیوں نے نیب کو بتا دیا ہے، بیانات ریکارڈ کرانے والوں میں ایم کیو ایم کے سابق وزرا بھی شامل ہیں۔