صائمہ بلڈر کے خلاف عدالت میں نئی درخواست دائر
شیئر کریں
(خصوصی رپورٹ) صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کی ایم نائن موٹروے پر سری انٹر چینج کے ساتھ مڈ ٹاؤن پراجیکٹ کے لیے زمینوں پر قبضوں اور دھمکیاں دینے کے خلاف گلاب پالاری گاؤں کے رہائشیوں نے عدالت میں درخواست جمع کرادی ہے ، کوہستان کے گاؤں گلاب پالاری کے رہائشیوں حیدر بخش اور امان اللہ پالاری نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جامشورو کی عدالت میں تحفظ کیلئے 22 اے درخواست جمع کرائی ہے ، درخواست گزاروں نے ایس ایس پی جامشورو، ایس ایچ او نوری آباد، صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے مالک ذیشان سلیم ذکی ،در محمد اور تماچیء پالاری کو فریق بنا کر موقف اختیار کیا ہے کہ ان کی دیہہ ہتل بت میں 18 ایکڑ 7 گُھنٹے بارانی زمین ہے جسے وہ کاشت کرتا تھا اور مویشی پالنے کیلئے بھی استعمال کرتا تھا، 5 ماہ قبل صائمہ گروپ آف کراچی نے سری انٹر چینج کے قریب مڈ ٹاؤن نامی پراجیکٹ کا آغاز کیا اور سرکاری زمین پر بھی قبضہ کرکے تعمیرات شروع کردیں، قبضے کو بڑھانے اور نجی زمینوں کو مذکورہ پراجیکٹ میں شامل کرنے کیلئے مسلح سیکورٹی گارڈز اور لوکل لینڈ مافیا کا استعمال کیا، لوکل لینڈ مافیا کے کارندوں نے اس پر زمین فروخت کرنے کیلئے دباؤ ڈالا اور انکار کی صورت میں نتائج بھگتنے کی سنگین دھمکیاں دیں، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بھی ایجنٹ پہنچے اور دھمکیاں دیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ لینڈ مافیا کے کارندے جھوٹے کیسز دائر کرنے سمیت سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، انہوں نے عدالت سے تحفظ کی درخواست کرتے ہوئے استدعا کی کہ انہیں کسی بھی قسم کی جھوٹی اور بے بنیاد ایف آئی آر یا شکایت کی صورت میں در محمد اور اس کے ایجنٹس سے تحفظ دیا جائے، اور ذیشان سلیم ذکی کی جانب سے درخواست گزاروں کے خلاف کسی بھی ایف آئی آر کو عدالت کے حکم سے مشروط کیا جائے۔