میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
2013 : عوام بجلی سے محروم رہی

2013 : عوام بجلی سے محروم رہی

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۰ مارچ ۲۰۱۷

شیئر کریں

آئی پی پیز کو اربوں روپے کی اضافی ادائیگی سے نوازاگیا
ایک ماہ گزر گیا‘سینیٹ کی ہدایت کے باوجود آئی پی پیز کو اضافی اداکیے گئے 35 ارب روپے کی وصولی میں حکومت کی ٹال مٹول
حکومت نے اتنی بڑی رقم آئی پی پیز کو غیر ضروری ادا کردی اور پی اے سی نے اعتراض تک نہیں اٹھایا،ارکان سینیٹ کا اظہار حیرت
ایچ اے نقوی
آئی پی پیز کو2013ءمیں ناجائز اور غیر قانونی ادائیگیوں کے معاملات کی چھان بین کرنے والے خصوصی پارلیمانی پینل نے کم وبیش ایک ماہ قبل آئی پی پیز کو سرکلر قرضوں کی مد میںناجائز طورپر اداکیے گئے 35 ارب روپے کی وصولی کی ہدایت کی تھی، لیکن ایک ماہ ہونے کو آیا ہے اب تک حکومت کے کسی محکمے نے اس وصولی پر کوئی توجہ نہیں دی ہے اور اطلاعات کے مطابق ناجائز رقم وصول کرنے والی آئی پی پیز کو رقم کی واپسی کے حوالے سے خطوط بھی لکھنے کی زحمت گوارا نہیں کی گئی ہے۔
گزشتہ ماہ سینیٹ کی مالیاتی امور سے متعلق مجلس قائمہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں یہ پتہ چلایاگیاتھا کہ حکومت نے 2013ءمیں 23 ارب روپے کے جائز کلیمز کا فیصلہ کرتے ہوئے اس رقم کو آئی پی پیز کے واجبات میں ایڈجسٹ کرنے کے بجائے یہ رقم آئی پی پیز کو ناجائز طورپر ادا کردی تھی،کمیٹی کے ارکان نے ،جن میں حکمران پاکستان مسلم لیگ ن ، پی ٹی آئی، پاکستان مسلم لیگ قاف کے ارکان شامل ہیں، اس بات پر حیرت کااظہار کیاہے کہ حکومت نے اتنی بڑی رقم آئی پی پیز کو غیر ضروری اورناجائز طورپر ادا کردی اور قومی اسمبلی کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نے اس پر اعتراض تک نہیں اٹھایا۔
کمیٹی کے سامنے پیش کی گئی آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ سے انکشاف ہوا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے 2013ءمیںسرکلر قرض کے حوالے سے کیے گئے کلیمز کی مناسب طریقے سے تصدیق نہیں کی اوربجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو 165 ارب روپے کی ادائیگی کردی۔
آئی پی پیز کو ادائیگیوںکے حوالے سے اس آڈٹ رپورٹ سے حکومت کے اس بلند بانگ دعوے کا پول کھل گیا ہے جس میں وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف بڑے زور شور سے کہتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں کوئی بڑا اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔رپورٹ سے ظاہر ہوتاہے کہ 28 جون2013ءکوپاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے آڈٹ سے قبل کی ضروری کارروائیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک ہی دن میں80 ارب روپے مالیت کے سرکلر قرضوں کی ادائیگی کردی،آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے اس رقم کی منظوری دیتے ہوئے آڈٹ رپورٹوں اور رقم جاری کرنے کے تمام مسلمہ طریقہ کار یکسر نظر انداز کردیے۔
سینیٹر سعود مجید نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کو ایک ایسے وقت 2011ءسے 2013ءکے پیداوار بند رکھنے پر جب کہ ملک میں18-18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کارخانے بند ہورہے تھے آئی پی پیز کو32 ارب روپے کی ادائیگی ہر اعتبار سے ایک مجرمانہ عمل تھا۔آڈٹ حکام نے سینیٹ کے پینل کو بتایا کہ بجلی کی خریداری سے متعلق مرکزی ایجنسی (سی پی پی اے) نے ایسا کوئی ڈسپیج آرڈر پیش نہیں کیاجس سے اس رقم کی ادائیگی کا کوئی جواز ثابت ہوسکتا۔اے جی پی نے ان کمپنیوں سے یہ رقم واپس وصول کرنے کی سفارش کی تھی جس کی کمیٹی نے حمایت کی تھی،کمیٹی نے آئی پی پیز کو فیول کی کمی پر 7 ارب روپے کی ادائیگی پر بھی سنگین اعتراضات اٹھائے تھے۔سینیٹر محسن عزیز نے اس صورت حال پر کہاتھا کہ آئی پی پیز کو عوام کو تکلیف میں مبتلا کرنے اور انہیں بجلی سے محروم رکھنے کا انعام دیاگیا ۔
اس حوالے سے ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ حکومت نے آئی پی پیز کو وِدہولڈنگ ٹیکس کی مد میں 264.6 ملین یعنی 26 کروڑ46 لاکھ روپے واپس کیے، یہ رقم بجلی کے خریداروں سے یعنی عام صارفین سے وصول کی گئی تھی لیکن واپس آئی پی پیز کو کی گئی، جنہوں نے اس میں سے ایک پیسہ بھی صارفین کو واپس نہیں کیا۔ سی پی پی اے کے چیف فنانس افسر کا اصرار تھا کہ یہ رقم آئی پی پیز سے بجلی کی خریداری کے معاہدے کے تحت ان کو واپس کرنا ضروری تھی۔
حکومت نے غلط کرنسی ریٹ کی بنیاد پر آئی پی پیز کو8 کروڑ40 لاکھ روپے ادا کیے جس کاکوئی جواز نہیں تھا۔آئی پی پیز کو اتنی بھاری رقوم کی زیادہ ادائیگیوں کے باوجود آڈٹ حکا م کے مطابق حکومت کا اصرار ہے کہ اس نے ان کمپنیوں سے لیکویڈیشن ڈیمیجز(ایل ڈیز) کی مد میں22.9 ارب روپے ایڈجسٹ کرلیے ہیں۔آڈیٹرز کاکہناہے کہ حکومت کی جانب سے برتے جانے والے اس تساہل اور بلاجواز ادائیگیوں کی بنیاد پر اب ان آئی پی پیز نے حکومت کی جانب سے رقم روکنے کے خلاف لندن کی عدالت میں حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کردیاہے۔آئی پی پیز پر یہ جرمانہ فیول وصول کرنے کے باوجود بجلی کی پیداوار شروع نہ کرنے اور شہریوں کومعاہدے کے مطابق بجلی فراہم نہ کرنے پر عاید کیاگیاتھا۔سی پی پی اے کے چیف فنانس افسر کاکہناہے کہ ایل ڈیز متنازع ہونے کی وجہ سے ایڈجسٹ نہیں کی گئی تھیں۔
وفاقی آڈیٹر کاکہناہے کہ سب سے زیادہ تباہ کن بات یہ ہے کہ آئی پی پیز کو480 ارب روپے کی تمام ادائیگیاں کسی انوائس کے بغیر ہی کی گئیںاور دوسال گزرنے کے باوجود آڈیٹر جنرل پاکستان کو یہ انوائسز نہیں دکھائی گئیں۔
اب سینیٹ کمیٹی نے سی پی پی اے کوکمیٹی کے اگلے اجلاس میں تمام متعلقہ کاغذات اور ثبوت پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں