میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان کی سیاست آرمی چیف کی تعیناتی کے گرد گھومتی ہے، بلاول بھٹو

عمران خان کی سیاست آرمی چیف کی تعیناتی کے گرد گھومتی ہے، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک
منگل, ۱۵ نومبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست شروع سے لے کر آج تک اسی ایک (آرمی چیف)تعیناتی کے گرد گھومتی ہے،بدقسمتی سے سڑکوں پر سیاسی تماشے چل رہے ہیں مجبورا ان کا جواب دینا پڑتا ہے، اس وقت ہمارا نظام نہیں چل رہا، اہم تعیناتی کے بارے میں ہر طرف سے غیرضروری سیاست کی جارہی ہے، اتحادیوں اوراپوزیشن کو اس ایشوکومتنازع نہیں بنانا چاہیے، صحت عامہ کے شعبے میں سندھ آج بھی سب سے آگے ہے، اور پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے کہ صحت کی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز پر پہنچائی جائیں۔ ڈا ئویونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (DUHS) اوجھا کیمپس میں جگر کی 75 کامیاب پیوندکاریوں کی تکمیل، کینسر سینٹر کا سنگ بنیاد رکھنے اور او پی ڈی کے چار نئے بلاکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ جگر کا علاج کرانے کے لیے پہلے ملک سے باہرجانا پڑتا تھا، لیکن اب یہ باعث مسرت ہے کہ گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جیسے اداروں میں جگر کی ٹراسپلنٹیشن اور گردوں کے مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں جگر کی پیوندکاری کے مجموعی طور پر اب تک کامیاب 81 کیسز پر وہاں کی انتظامیہ اور طبی عملی کو سراہتے ہوئے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ وزیراعلی سندھ نے انہیں بتایا ہے کہ نئے قائم کردہ سینٹرمیں ہر سال 100 مریضوں کے علاج معالجے کے اخراجات صوبائی حکومت اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ سندھ سمیت پورے ملک میں ایسے ادارے قائم کیے جائیں جہاں عوام کو علاج معالجے کی سہولیات مفت یا بہت کم پیسوں پر میسر ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل ٹی وی پربری خبریں ہی ملتی ہے، اچھی خبروں کو کم سیاسی خبروں کو زیادہ اجاگر کیا جاتا ہے۔ پاکستان کی کامیابی اور کارکردگی پر کم توجہ دی جاتی ہے، جبکہ سیاسی بیان بازی پر زیادہ فوکس کیا جاتا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ روس، یوکرین جنگ کے معاشی اثرات ہم بھگت رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے۔ سیلاب متاثرین آج بھی مدد کے انتظار میں ہیں، اور ہمارے لیے سیلاب متاثرین کی بحالی ہی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم اپنے سسٹم کی توجہ سیلاب پر مرکوز نہیں کروا سکے، اور سڑکوں پر جو سیاسی تماشے چل رہے ہیں مجبورا ان کا جواب دینا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کا یہ فیصلہ ہے کہ آپس میں لڑائی کرنے اور گولی چلانے کے بجائے الیکشن میں حصہ لیا جائے گا اور پارلیمان میں کھڑے ہو کر بات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا نظام نہیں چل رہا، اور جب تک ہمارے ادارے کو ترجیح نہیں دی جائے گی، عوام مشکل میں ہوں گے اور ہماری ناکامی کا بوجھ عوام کو اٹھانا پڑے گا۔ صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ صحت کی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز تک پہنچائی جائیں۔ اس سلسلے میں ہر ضلع میں کم از کم ایسی ایک سہولت این آئی سی ایچ کی شکل میں موجود ہو۔ کراچی کے این آئی سی ایچ میں بچوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ صوبے بھر میں بچوں کے لیے ایمرجنسی سروس کو یقینی بنایا گیا ہے، جبکہ گمبٹ اسپتال میں جگر، گردوں، بون میرو اور کینسر جیسے امراض کا مفت علاج کیا جا رہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم سب کی ترجیح اپنا ملک ہونا چاہیے خواہ ہمارا تعلق کسی بھی جماعت اور ادارے سے ہو۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کہ ایک تعیناتی کے بارے میں ہر طرف سے غیرضروری سیاست کی جارہی ہے، اتحادیوں اوراپوزیشن کو اس ایشو کومتنازع نہیں بنانا چاہیے۔ میں سمجھتا ہوں آئین اور قانون کے تحت جس طرح اس کو چلنا چاہیے، ویسے ہی چلنا چاہیے۔ ہمارے اتحادیوں یا اپوزیشن کو جلسے میں کھڑے ہوکر اس طرح کے مطالبے نہیں کرنا چاہیے، بلکہ ہمیں قومی مفاد پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خان صاحب کی سیاست شروع سے لے کر آج تک اسی ایک تعیناتی کے ارد گرد گھومتی ہے، جب تک اس سوچ سے آگے نہیں نکلا جائے گا ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، ارکانِ کابینہ، اسمبلی ممبران اور پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں