ارشد شریف کیس: دو بھائیوں سے متعلق تحقیقات کا آغاز، سفری ریکارڈ مل گیا
شیئر کریں
صحافی ارشد شریف کے قتل سے جڑے دو بھائیوں سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی حکام نے خرم احمد اور وقار احمد کا سفری ریکارڈ حاصل کر لیا۔ تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں موجودگی کے دوران خرم احمد کے رابطوں کی تحقیقات ہو گی، 2022 کے 10 ماہ میں خرم احمد مختصر مدت کیلئے 4 مرتبہ پاکستان آئے ، ارشد شریف 10 اگست کو ملک سے باہر گئے تو خرم احمد پاکستان میں موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق خرم احمد نے 19 اگست کو کراچی انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے کینیا کا سفر کیا اور ارشد شریف 20 اگست کو دبئی سے کینیا پہنچے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ امیگریشن ریکارڈ کے مطابق خرم احمد 3 اکتوبر کو پھر کراچی آئے اور 7 اکتوبر کو دبئی کیلئے روانہ ہوئے، وقار احمد آخری بار 18 دسمبر 2017 کو پاکستان آئے۔ ذرائع کے مطابق ارشد شریف کے قتل کے وقت گاڑی چلانے والے خرم احمد کے سفری ریکارڈ کو تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔