سوشل میڈیا کی معاشرتی تباہی سے بچنے کے لیے قانون سازی کی جائے، امام کعبہ
شیئر کریں
امام کعبہ شیخ عبد الرحمان السدیس نے جمعے کے خطبے میں کہا کہ سوشل میڈیا کے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، اس لیے اس پر پابندی کے قوانین کا نفاذ ضروری ہو گیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق حرمین شریفین کے امور کے انچارج عبدالرحمان السدیس نے جمعے کے خطبے میں سوشل میڈیا کی معروف شخصیات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سے ڈرو، جھوٹی اور لغو باتوں سے بچو۔ سچے مذہب کی دعوت دو، قوم کی خدمت کرو اور ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے نیکی کو فروغ دو۔ شیخ السدیس نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر زیادہ تر مشہور شخصیات اپنی سستی شہرت کے لیے عجیب و غریب حرکتیں کر رہے ہیں۔ بچوں کی اچھی تربیت کے لیے ضروری ہے انھیں سوشل میڈیا سے دور رکھا جائے۔ امام کعبہ نے یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ سوشل میڈیا کی مشہور شخصیات اپنی نجی زندگی کو شیئر کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے فالوورز اپنا موازنہ ان سے کرنے لگتے ہیں اور احساس محرومی میں مبتلا ہوجاتے ہیں جس سے نفرت سمیت کئی مسائل جنم لے رہے ہیں۔ شیخ عبدالرحمان السدیس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومتیں سوشل میڈیا پر پابندیوں اور اسے ریگولیٹ کرنے کے لیے قانون سازی کریں۔