میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نوری آباد کے قریب مسافر بس میں خوفناک آتشزدگی، 20 افراد جاں بحق

نوری آباد کے قریب مسافر بس میں خوفناک آتشزدگی، 20 افراد جاں بحق

جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۳ اکتوبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

ضلع جامشورو کے علاقے نوری آباد میں مسافر بس میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 20 افرادجاں بحق جبکہ ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مسافر کوچ میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اور ایس پی جامشورو کو متاثرین کی مدد کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ ایم نائن پر پیش آیا، جہاں کراچی سے پنجاب جانے والے مسافر بس میں اچانک خوفناک آگ لگ گئی۔ آگ کی شدت اتنی تیز تھی کہ اس نے فوری طور پر بس کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے باعث مسافر بس جل کر مکمل خاکستر ہوگئی اور اس میں سوار20 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کئی مسافروں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں جائے حادثہ پر موجود امدادی ٹیمیں قریبی اسپتال منتقل کررہی ہیں۔ واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر ویڈیو زیر گردش ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امدادی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی جدوجہد کر رہی ہیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پا لیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونیوالے بڑی مسافر بس میں 50 سے زائد مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ پولیس نے بس میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے نوری آباد کے پاس مسافر کوچ کا آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اور ایس پی جامشورو کو متاثرین کی مدد کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعلیٰ کی انتظامیہ کو جائے وقوعہ پر ایمبولینس بھیجنے اورزخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعہ میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرین کے اہل خانہ سے ہر قسم کا تعاون کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعہ پیش آنے کی تحقیقاتی رپورٹ بھیجنے کی بھی ہدایت کی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں